وزیراطلاعات آزاد کشمیر کی آسیہ اندارنی سمیت تین کشمیری خواتین پرفرد جرم عائد کرنے کی مذمت

بھارتی حکام نے آسیہ اندرابی جیسی جری اور نڈر خاتون کو ڈرانے دھمکانے کی بہت کوشش کی مگر وہ ناکام رہے،راجہ مشتاق منہاس

جمعرات 15 نومبر 2018 21:59

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے بھارتی حکام کی جانب سے دختران ملت کی سربراہآسیہ اندرابی سمیت تین کشمیری خواتین کو نام نہاد مقدمے میں فرد جرم عائد کرنے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے اپنے ردعمل میں کہا کہ بھارتی حکام نے آسیہ اندرابی جیسی جری اور نڈر خاتون کو ڈرانے دھمکانے کی بہت کوشش کی مگر وہ اس میں ناکام رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محترمہ آسیہ اندرابی انتہائی جرات سے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کا علم بلند رکھے ہوے ہیں۔انہوں نے مجترمہ آسیہ اندرابی کی جدوجہد کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوے کہا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کا جذبہ حریت کم نہیں کر سکی ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ کشمیری خواتین کے خلاف بھارت کی معاندانہ پالیسیوں کا نوٹس لے اور ان کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوے بھارت کو اس طرح کی کارروائیاں فوری طور پر ختم کرنے کے لیے مجبور کیا جائے۔