امریکی سرمایہ کاروں کو صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے لئے بھرپو ر تعاون فراہم کیاجائیگا، گورنرسندھ

جمعرات 15 نومبر 2018 22:49

امریکی سرمایہ کاروں کو صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے لئے بھرپو ر تعاون ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی شہر میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحو ل ہے اور اس ضمن میں امریکی سرمایہ کار شہر میں توانائی ، انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ ، تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں حصہ لیں حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی بورڈ کلب میں امریکن بزنس کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ ظہرانہ کے موقع پر کیا۔اجلاس میں امریکن بزنس کونسل کے صدر کامران نشاط اور کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل JoAnne Wagner سمیت دیگر نے شرکت کی۔ گورنر سندھ نے صوبہ میں مثبت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے حوالہ سے اٹھائے گئے اقدامات بالخصوص انڈسٹریل لائژن کمیٹی کے قیام سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مزکورہ کمیٹی صنعت کاروں کو درپیش مسائل کے فوری تدارک کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت ملک کے اقتصادی حب کراچی کی ترقی پر بھرپور توجہ دے رہا ہے ، شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے وفاق بھرپور تعاون کررہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے زیرِ انتظام وفاق کے تحت چار ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ، سیورج ٹریٹمنٹ پلانٹ ، نادرن بائی پاس کی توسیع اور گرین لائن (بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم ) منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو کچرے سے پاک کرنے کے لئے بھی خصوصی اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں اس سلسلے میں صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون و مشاورت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔