پاکستانی فورسز نے کچھ روز قبل اغوا ہونے والے5 ایرانی فوجی بازیاب کروا لیے

پاک ایران سرحد کے قریب میرجاوہ کے مقام سے اغوا کیے گئے باقی ایرانی فوجیوں کو بھی بازیاب کروانے کی کوششیں

muhammad ali محمد علی جمعرات 15 نومبر 2018 20:26

پاکستانی فورسز نے کچھ روز قبل اغوا ہونے والے5 ایرانی فوجی بازیاب کروا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 نومبر2018ء) پاکستانی فورسز نے کچھ روز قبل اغوا ہونے والے 5 ایرانی فوجی بازیاب کروا لیے، پاک ایران سرحد کے قریب میرجاوہ کے مقام سے اغوا کیے گئے باقی ایرانی فوجیوں کو بھی بازیاب کروانے کی کوششیں۔ پاکستانی سیکیورٹی اداروں کی کوشش سے بازیاب کروائے گئے ایرانی گارڈز کو ایران کے حوالے بھی کر دیا گیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان فورسز نے پاک ایران سرحد سے اغوا کیے گئے کچھ ایرانی فوجیوں کو بازیاب کروا لیا ہے۔ پاکستانی فورسز نے 5 ایرانی فوجیوں کو بازیاب کروایا ہے۔ بازیاب کروائے گئے مغویوں کو ایرانی حکام کے حوالے بھی کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ عسکری قیادت کی زیر نگرانی باقی مغویوں کی رہائی کی کوششیں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 16 اکتوبر کو عسکریت پسندوں نے سرحد کے قریب میرجاوہ کے مقام سے 12 سے 14 ایرانی گارڈز کو اغوا کرلیا تھاجس کے بعد اس علاقے میں کام کرنے والے دہشت گرد گروپ جیش العدل نے ان کے اغوا کی ذمہ داری کا دعویٰ کیا تھا۔ ایرانی رہنماؤں کے مطابق عسکریت پسند ایرانی گارڈز کو یرغمال بنانے کے بعد پاکستان میں لے گئے تھے۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اس حوالے سے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تھی اور درخواست کہ تھی کہ وہ گارڈز کی جلد بازیابی کے لیے اقدامات کریں۔

ایران کے اعلیٰ فوجی کمانڈر میجر جنرل محمد حسین بغیری نے بھی اس حوالے ست پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے درخواست کی تھی کہ وہ مغوی ایرانی سرحدی محافظوں کی تلاش اور واپسی کے لیے کوششیں تیز کریں۔ ایران کی خصوصی درخواست کے بعد سے پاکستانی فورسز اغوا کیے گئے ایرانی فوجیوں کی بازیابی کیلئے مسلسل کوششوں میں مصروف ہیں۔ ان ہی کوششوں کے باعث 5 ایرانی فوجیوں کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔