سرکلر ریلوے منصوبہ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، گورنرسندھ

منصوبہ کی راہ میں حائل بڑا مسئلہ ریلوے لائنوں کے ساتھ موجود غیر قانونی تعمیرات ہیں، عمران اسماعیل

جمعرات 15 نومبر 2018 23:28

سرکلر ریلوے منصوبہ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، گورنرسندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت شہر کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کرنے کے حوالہ سے سرکلر ریلوے منصوبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، منصوبہ کی راہ میں حائل بڑا مسئلہ ریلوے لائنوں کے ساتھ موجود غیر قانونی تعمیرات ہیں جس کے تدارک کے حوالہ سے متبادل جگہ پر لوگوں کی آبادکاری کے پہلو پر نہایت سنجیدگی کے ساتھ غور کیا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد سے گورنر ہاوس میں ملاقات کے دوران کیا۔گورنرسندھ نے کراچی میں امن کے قیام کے لئے پولیس اور رینجرز سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ صوبہ میں پائیدار امن کے لئے تمام طبقہ ہائے فکر کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، ملک کے اقتصادی حب کراچی میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور صحت مند صنعتی فضاء کی موجودگی کے لئے انڈسٹریل لائژن کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کسی بھی ترقی یافتہ معاشرہ کے قیام کے لئے بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنائی جاتی ہے۔ گورنر سندھ نے واضع کیا کہ وفاقی حکومت سندھ کے عوام کی طرز زندگی، تعلیمی معیار ، صحت عامہ کی سہولیات سمیت تمام معاملات کو بہتری کی جانب گامزن کرنے کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر ہی عوام کی فلاح وبہبود کے اقدامات کو یقینی بنا سکتے ہیں اس ضمن میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگاتاکہ عوام کو خوشحالی و ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے ۔ انہو ں نے کہا کہ صوبہ کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت بھرپور تعاون کو یونہی جاری رکھے گی۔