محکمہ زراعت و لائیوسٹاک کی سو روزہ منصوبہ بندی کے جائزہ کے حوالے سے وزیر زراعت کی زیر صدارت اجلاس

جمعرات 15 نومبر 2018 23:37

پشاور۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک محب اللہ خان نے متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ وہ زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں کے لئے 100روزہ منصوبہ بندی کو جلد حتمی شکل دیں اور اس کو جامع انداز میں زمینداروں، مویشی پال لوگوں کی فلاح اور زرعی پیداوار میں اضافے کا موجب بنائیں۔یہ ہدایت انہوں نے محکمہ زراعت و لائیوسٹاک کی سو روزہ منصوبہ بندی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت و لائیو سٹاک محمد اسرار خان، ایڈیشنل سیکرٹری شوکت یوسفزئی ، ڈی جی لائیوسٹاک اور فوکل پرسن 100روزہ پلان ڈاکٹر شیر محمد، ڈی جی لائیو سٹاک ریسرچ ڈاکٹر مر زا علی خان، ڈی جی ماہی پروری ڈاکٹر خسروکلیم، ڈی جی زراعت توسیع نسیم اللہ، ڈی جی زراعت ریسرچ نوید خان، ڈی جی واٹر منیجمنٹ خورشید خان ،ڈی جی زراعت انجنئیرنگ محمود جان بابر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ زراعت شعبہ توسیع کے 100روزہ پلان میں شامل منصوبوں خاص کر کسانوں کی تربیت و ترغیب، زراعت کی بنیاد پر صنعتوں اور ایگرو پراسیسنگ میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے فروغ ،اضافی قدر والی مصنوعا ت پر ٹیکس چھوٹ، پھلدار اور دیگر فصلوں کی ترویج و ترقی ،جدید کاشتکاری نظام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسی طرح اجلاس میں سرکاری شعبہ میں سبزیوں اور پھلوں کی پراسیسنگ کے بند یونٹس کی بحالی، فوڈ ٹیکنالوجی سیکشن زرعی تحقیقاتی ادارہ ترناب پشاور، پیکنگ گریڈنگ یونٹ ماڈل فارم سروسز سینٹرز مٹہ اور کبل سوات، مصنوعات سازی کی صنعتوں کی مشکلات، قومی واٹر پالیسی، خیبر پختونخوا زرعی پالیسی ایکٹ، دودھ اور خوراک کی پیداوار میں اضافے اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی طور پر بحث کرتے ہوئے قابل عمل تجاویز پیش کی گئیں۔

صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کی جانب سے 100روزہ منصوبہ بندی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔