سپریم کورٹ کا لاہور میں اورنج لائن منصوبہ کے ٹھیکیداروں کو پانچ روز میں رقم کی ادائیگی کرنے کاحکم

جمعرات 15 نومبر 2018 23:46

سپریم کورٹ کا لاہور میں اورنج لائن منصوبہ کے ٹھیکیداروں کو پانچ روز ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) سپریم کورٹ نے لاہور میں اورنج لائن منصوبہ کے ٹھیکیداروں کو پانچ روز میں رقم کی ادائیگی کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اورنج لائن ٹرین پراجیکٹ کیلئے بھی پانچ روز میں فنڈز کے اجرا کا کام مکمل کیا جائے ، عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کوہدایت کی کہ پراجیکٹ انچارج سبطین علیم کے کنٹریکٹ میں توسیع کیلئے حکومت سے رائے طلب کرکے عدالت کوآٰگاہ کیا جائے ۔

جمعرات کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ، اس موقع پرچیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا نیب نے اورنج لائن ٹرین پر اجیکٹ کا معاملہ ٹیک اپ کر لیا ہے جس پر پراسیکیوٹر جنرل نیب نے جواب دیا کسی کو ہراساں نہیں کیا جا رہا، نیب نے صرف متعلقہ افراد کو ہی طلب کیا تھا۔

(جاری ہے)

جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ زیڈ کے بی کمپنی کو 72 ارب روپے کے ٹھیکے دیئے گئے، ہمیںبتایا جائے کہ کیا منصوبہ عدالتی احکامات کے مطابق چل رہا ہے جس پر پراسیکیوٹر جنرل نیب نے بتایا کہ اس حوالے سے معلومات لے کرعدالت کوآگاہ کیا جائے گا۔

سماعت کے دوران کنسٹرکشن کمپنی کے وکیل شاہد حامد نے عدالت کوبتایا کہ مارچ کے مہینے سے تعمیراتی کمپنیوں کو ادائیگیاں نہیں کی جا رہی۔ عدالت کو پراجیکٹ انچارج سبطین علیم نے بتایا کہ یہ 10 ارب روپے کا ایشو تھا جو ایل ڈی اے کو جاری کئے جا چکے ہیں۔ سماعت کے دوران لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ بجٹ آنے کے بعد ایک ہفتے میں بورڈ میٹنگ کر کے تعمیراتی کمپنوں کو فنڈز جاری کر دیں گے۔ جس پرعدالت نے ہدایت کی کہ 5 روز میں رقم کی ادائیگی سے متعلق تمام عمل مکمل کرکے عدالت کوآگا ہ کیاجائے کیس کی مزید سماعت پیر کو لاہور میں ہو گی۔