Live Updates

وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین ایچ ای سی کی ملاقات، ملک کی تین بڑی یونیورسٹیوں میں سیرت چیئر کے قیام کے لیے پلان مرتب کرنے کی ہدایت

وزیر اعظم عمران خان سے داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے وفد نے بھی ملاقات کی،کمیونٹی کی جانب سے تین کروڑ روپے کا چیک چیف جسٹس اور وزیر اعظم پاکستان ڈیم فنڈ کے لیے پیش کیا

جمعرات 15 نومبر 2018 23:47

وزیر اعظم عمران خان سے  چیئرمین ایچ ای سی کی ملاقات، ملک کی تین بڑی یونیورسٹیوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2018ء) وزیر اعظم عمران خان کی چیئرمین ایچ ای سی کو ملک کی تین بڑی یونیورسٹیوں میں سیرت چیئر کے قیام کے لیے پلان مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیرت چیئر کے قیام کا مقصد آنحضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ اور اسوہ حسنہ پر جینوئن ریسرچ اور انکی سیرت کو اجاگر کرنا ہے تاکہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان اس تحقیق اور علم کے خزانے سے استفادہ کر سکیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم سے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن طارق بنوری نے وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی ہے اس موقع وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آنحضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہمہ گیر اور جامع الصفات ذات مبارکہ پر جینوئن تحقیق پر مبنی علم سے نہ صرف انفردای زندگیوں میں رہنمائی حاصل ہوگی بلکہ اسلام کے خلاف منفی پراپیگنڈے کا مقابلہ کرنے میں بھی مدد ملے گی، آنحضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

اس سال عید میلاد النبی کے موقع پر ’’رحمتہ العالمین کانفرنس ‘‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کا مقصدر سرور کائنات کی سیرت مبارکہ کو اجاگر کرنا ہے۔ چیئرمین ایچ ای سی نے وزیر اعظم کو وزیر اعظم ہاؤس میں یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے پر اب تک کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا ۔دریں اثناء وزیر اعظم عمران خان سے شیخ کومیل شیخ یونس کی قیادت میں داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے وفد نے بھی ملاقات کی ہے ، ملاقات میں وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ علی زیدی بھی موجود تھے ۔

وفد نے وزیر اعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور وفد نے بوہرہ کمیونٹی کی جانب سے تین کروڑ روپے کا چیک چیف جسٹس اور وزیر اعظم پاکستان ڈیم فنڈ کے لیے وزیر اعظم کو پیش کیا ۔ وفد نے وزیر اعظم کو سیف الدین انٹرنیشنل یونیورسٹی کراچی کے دورے کی دعوت دی ، وزیر اعظم نے بوہرہ کمیونٹی کے پرامن کردار اور خصوصا سوشل سیکٹر میں خدمات کو سراہا، وزیر اعظم کا کہنا تھا حکومت بوہرہ کمیونٹی کی فلاحی سرگرمیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات