این آر او کس سے مانگا، اس حوالہ سے حکومت نے کوئی جواب نہیں دیا، مریم اورنگزیب

جمعرات 15 نومبر 2018 23:47

این آر او کس سے مانگا، اس حوالہ سے حکومت نے کوئی جواب نہیں دیا، مریم ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان رکن قومی اسمبلی مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ این آر او کس سے مانگا، اس حوالہ سے حکومت نے کوئی جواب نہیں دیا، ایس پی طاہر داوڑ کو اسلام آباد سے اٹھایا گیا اور لاش افغانستان سے ملی، یہ لمحہ فکریہ ہے، حکومت کا ایس پی کے حوالہ سے مؤقف درست نہیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے این آر او نہیں مانگا، اس حوالہ سے حکومت کو وضاحت کرنی چاہئے کہ این آر او کس سے اور کس نے مانگا، اس حوالہ سے جواب نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں ایسے لوگ بیٹھے ہیں جن کو حکومت چلانے کا پتہ نہیں، ایس پی طاہر داوڑ کو پاکستان کے کیپٹل سے اٹھایا گیا اور کچھ دنوں بعد افغانستان سے لاش ملنا لمحہ فکریہ ہے، ہمارے ادارے اس وقت کیا کر رہے تھے، ایس پی طاہر داوڑ پر دو مرتبہ خود کش حملے ہو چکے تھے لیکن وہ ان حملوں میں محفوظ رہے، آج وزیر مملکت برائے داخلہ نے ایوان میں جو جواب دیا وہ درست نہیں، ایک پولیس آفیسر کو اغواء کرکے اس طرح بیدردی سے قتل کیا گیا ایسے واقعات کے بعد وفاق میں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔