سینٹ داخلے پر پابندی لگنے کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا نیا وار

فواد چوہدری نے متنازعہ کارٹون سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دیا۔مخالفین نے ایوان کی تضحیک قرار دے دی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 15 نومبر 2018 22:00

سینٹ داخلے پر پابندی لگنے کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-15 نومبر 2018ء) :سینٹ داخلے پر پابندی لگنے کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے متنازعہ کارٹون ٹوئیٹر پر پوسٹ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق چئیرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی سینیٹ داخلے پر پابندی کی رولنگ جاری کر دی ہے۔چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو ایوان میں آ کر معافی مانگنی چاہئیے۔

معافی مانگنے تک فواد چوہدری کے رواں اجلاس میں شرکت کرنے پر پابندی ہو گی۔ایوان بالا اعلی ترین روایات کا حامل رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا،ایوان میں کچھ عرصہ سے بد مزگی پیدا ہو رہی ہے۔چئیرمین سینیٹ نے اپنی رولنگ میں مزید کہا کہ لازمی ہے کہ اس طرح کی باتوں اور رویوں سے احتیاط کریں۔

(جاری ہے)

ہاؤس کو احسن طریقے سے چلانے میں زیادہ ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

کسی ممبر کو ایسے الفاظ یا اشاروں کا استعمال نہیں کرنا چاہئیے جس سے ایوان کا تقدس مجروح ہو۔وزیر اطلاعات کے خلاف قوائد 13(3)اور رول 264کے تحت کاروائی کی جا رہی ہے۔فواد چوہدری اجلاس کے جاری باقی سیشنز میں شریک نہیں ہو سکتے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سینیٹ میں بدمزگی پیدا ہونا شروع ہوئی ہے، ہم سب پر لازم ہے کہ احتیاط کریں۔

جمعرات کو چیئرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر اطلاعات کو معافی مانگنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری ایوان میں آکر معافی مانگیں، اگر معافی نہیں مانگتے تو ان پر جاری اجلاس میں داخلے پر پابندی لگاتا ہوں۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ ممبران پر لازم ہے کہ وہ چیئرمین، قائد ایوان اور حزب اختلاف کا احترام کریں، ممبران ایوان میں ایسے الفاظ اور اشارے نہ کریں جو غیر مناسب ہیں۔

تاہم فواد چوہدری نے معافی مانگنے کی بجائے اپنے ٹوئیٹر پر انتہائی متنازعہ کارٹون پوسٹ کر کردیا۔
کارٹون میں دکھایا گیا کہ ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات ایوان (سینیٹ/ قومی اسمبلی ) کے دروازے پر کھڑے ہیں اورابھی وہ دروازے پر ہی کھڑے ہیں کہ اپوزیشن اراکین انکو دیکھ کر اپنی نشستوں سے بھاگ کھڑے ہوئے ہیں۔اس کارٹون کو وفاقی وزیر اطلاعات نے خوش کن تاثرات کے ساتھ پوسٹ کیا ہے جس کے بعد ان پر تنقید بھی کی جا رہئ ہے اور اس کارٹون کو مقدس ایوان کی تضحیک قرار دیا جارہا ہے۔