سی پیک منصوبے کے دوسرے مرحلے میں انڈسٹریل اسٹیٹس قائم کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا، صدر چیمبر آف کامرس

جمعرات 15 نومبر 2018 23:49

فیصل آباد۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر سید ضیاء علمدار حسین نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے کے دوسرے مرحلے میں انڈسٹریل اسٹیٹس قائم کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے تاہم ٹیکنالوجی ٹرانسفر کیلئے ہمیں مشترکہ منصوبوں کو ترجیح دینا ہو گی۔ وہ آج خیبر پختونخواہ میں رشکئی اور حطار میں سپیشل اکنامک زون بنانے والی فرم چائنا ۔

روڈ اینڈ بریج کارپوریشن کے تین رکنی وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔ سید ضیاء علمدار حسین نے بتایا کہ فیصل آباد میں ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ کو سی پیک کے تحت پہلے ہی سپیشل اکنامک زون قرار دیا جا چکا ہے۔ یہ عظیم الشان منصوبہ ساڑھے چار ہزار ایکڑ پر مشتمل ہے جبکہ اس کے دوسرے مرحلے کیلئے مزید 3ہزار ایکڑ حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ کا محل وقوع انتہائی مناسب ہے یہ براہ راست ایم تھری موٹر وے سے منسلک ہے جبکہ اس کو سی پیک کے لاہور ، کراچی سیکشن تک بھی آسان رسائی حاصل ہے اس لئے یہاں تیار ہونے والے مال کو بآسانی کراچی ، گوادر، چین یا وسط ایشیائی ریاستوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ صدر چیمبر نے بتایا کہ یہاں بہت سے ادارے بند پڑے ہیں جن کو چینی سرمایہ کاروں کے اشتراک سے بحال کر کے دونوں فریق منافع حاصل کر سکتے ہیں ۔

آخر میں چینی کارپوریشن کے ڈپٹی جنرل مینجر نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر سید ضیاء علمدار حسین کو شیلڈ پیش کی جبکہ ایگزیکٹو ممبر حاجی محمد ادریس سدھے شیخ نے مسٹر لی زی ہوئی کو فیصل آباد چیمبر کی شیلڈ پیش کی۔ سینئر نائب صدر میاں تنویر احمد نے سائمن لی جبکہ سیکرٹری جنرل عابد مسعود نے چائنیز روڈ اینڈ بریج کارپوریشن کے انویسٹمنٹ ایڈوائزر خرم خاں کو چیمبر کی پن لگائی۔اس ملاقات کے دوران چینی کارپوریشن کے اسسٹنٹ مینجر انویسٹمنٹ مسٹر سائمن لی اور انویسٹمنٹ ایڈوائزر خرم خاں بھی موجود تھے۔