Live Updates

علائوالدین مری اپوزیشن کی جانب سے فیڈریشن چیمبر کے صدارتی امیدوار نامزد

جمعرات 15 نومبر 2018 23:53

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) بزنس مین پینل نی 28 دسمبر2018 ء کو ہونیوالے ایف پی سی سی آئی کے انتخابا ت کے لئے سابق نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان علائوالدین مری کو صدارتی امیدوار کا اعلان کر دیا۔ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان علائوالدین مری کو بزنس مین پینل کے صدارتی امیدوار نامزدکر دیا گیا جبکہ نائب صدر کیلئے صرف دو امیدواروں وفاق سے محمد شعیب خان اور پنجاب سے لاہور چیمبرکے رکن خالد عدنان بٹ کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔

یہ اعلان جمعرات کو مقامی ہوٹل میں بزنس مین پینل کے چیئرمین میاں انجم نثار نے پریس کانفرنس میں کیا۔اس موقع پر سینئر وائس چیئرمین میاں زاہد حسین، ثاقب فیاض مگوں،چیئرمین سندھ ریجن زکریا عثمان،سیکرٹری جنرل سینیٹر حاجی غلام علی ،سردار شوکت پوپلزئی،اکبرعبداللہ،ثاقب فیاض مگوں،شبیرمنشا چھرا،شوکت احمد،حاجی غنی عثمان، اور صوبائی وزیر بلوچستان سردار سرفراز چاچڑ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین میاں انجم نثار نے کہا کہ چونکہ اس بار صدارت کے لئے بلوچستان کی باری ہے بزنس کمیونٹی کے لئے بلوچستان سے موزوں ترین اور تجربہ کار امیدوار علائوالدین مری کو لائے ہیں جنہیں بلوچستان کی معیشت میں نمایاں مقام حاصل ہے اور انھوں نے کاروباری طبقہ کے مسائل کے حل کئے قلیل مدت میں نمایاں کام کیے ہیں۔انجم نثار نے کہا کہ پچھلے چار سالوں میںایف پی سی سی آئی کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

ایف پی سی سی آئی کو ضلعی سطح کا چیمبر بنا دیا گیا ہے برسر اقتدار گروپ بزنس کمیونٹی کا کوئی بھی مسئلہ حکومتی ایوانوں سے حل نہیں کروا سکی ہے انکو اس بات سے کوئی سروکار نہیں ہے کہ فیڈریشن چیمبر مثبت کردار ادا نہیں کر پا رہا، ملک کا پریمیر ادارہ ایک مذاق بن کر رہ گیا ہے،جولوگ پہلے میاں نوازشریف اور آصف زرداری کو اپنا ہیرو کہتے تھے وہ اب عمران خان کو ہیرو کہہ رہے ہیں،کیک کاٹنے اور کھانوں کے سوا فیڈریشن میں کوئی کام نہیں ہورہا،مخالف گروپ میں سارک میں جانے کیلئے بھی جنگ جاری ہے ان حالات میں برسراقتدار گروپ بزنس کمیونٹی کے مسائل کیسے حل کرا سکتا ہے۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ علائوالدین مری کو ملک بھر کے چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کی بھرپور سپورٹ حاصل ہے ،2019 کے جنرل باڈی اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبر اس بار انشاء اللہ مثبت تبدیلی کو دیکھتے ہوئے بزنس مین پینل کے صدارتی امیدوارعلائوالدین مری کو کامیاب کروائیں گے کیونکیہ ہمارے مقابلے میں یوبی جی کا امیدوار مسائل کروانے میں نہایت ہی کمزور ہے،بلوچستان سے اہم شخصیات کو نظر انداز کر دیا گیا ہے ، پچھلے چار سالوں میں بلوچستان کی ٹریڈ باڈیز کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے،ہمارے ساتھ اس قافلے میں کراچی چیمبر آف کامرس میں برسراقتدار گروپ کے چیئرمین اور شہر کے ایک بڑے لیڈر سراج قاسم تیلی بھی شامل ہیں اور انہوں نے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔

حاجی غلام علی نے کہا کہ 45دن کی الیکشن مہم میں ہم بھرپور کوشش کرینگے کہ علائوالدین مری کو کامیاب بنائیں،ہمارے مخالف گروپ نے ربراسٹمپ اور ذاتی پسند پر امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ ہم میرٹ پر صدارتی امیدوارسامنے لائے ہیں۔زکریاعثمان نے کہا کہ جب فیڈریشن کی قیادت حکومت کی محکوم بن جائے تو وہ بزنس کمیونٹی کے کام نہیں کراسکتی، فیڈریشن میں برسراقتدار گروپ نے پچھلے سال ایسے لوگوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کا حق دیا جو ووٹ کاسٹ کرنے کا حق نہیں رکھتے تھے ۔

بزنس مین پینل کے نامزد صدارتی امیدوارعلائوالدین مری نے کہا کہ سردارشوکت پوپلزئی کے ہمراہ میں ایف پی سی سی آئی کی جڑوں میں بیٹھا ہوا ہوں اور مجھے بخوبی علم ہے کہ کس کی کارکردگی اچھی ہے،میری کامیابی کی صورت میں فیڈریشن کے صدر کا دفتر ایک عوامی دفتر ہو گا، کاروباری طبقہ کی صحیح معنوں میں نمائندگی کریں گے ملکی معاشی مسائل باالخصوص بلوچستان سندھ اور جنوبی پنجاب کے مسائل سے آگاہ ہیں اور ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروایا جائے گا اور کاروباری طبقہ کی عزت ووقار کو بحال کروانا اولین ترجیح ہو گی۔ حکومت کو بار بار باآور کروایا جائے گا کہ کاروباری طبقہ کی عزت اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہونگے تو ملکی معیشت پروان چڑھے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات