Live Updates

وزیراعظم عمران خان سے لاہور سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات و مخیر حضرات کے وفد کی ملاقات‘

وفد نے وزیرِاعظم کے لاہور میں حالیہ اعلان کردہ 5 پناہ گاہوں کی تعمیر کے تمام اخراجات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی

جمعرات 15 نومبر 2018 23:54

وزیراعظم عمران خان سے لاہور سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات و مخیر ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) وزیراعظم عمران خان سے لاہور سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات و مخیر حضرات کے وفد نے جمعرات کو ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفد میاں محمد احسان، گوہر اعجاز، میاں طلعت محمود، نور حضرت، ڈاکٹر عبدالباری خان، انوار احمد خان، عدیل سعید میر و دیگر پر مشتمل تھا جبکہ وزیرِاعظم کے مشیر شہزاد ارباب اور معاون خصوصی نعیم الحق بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وفد نے وزیرِاعظم کے لاہور میں حالیہ اعلان کردہ 5 پناہ گاہوں کی تعمیر کے تمام اخراجات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیرِ اعظم کی جانب سے اعلان کردہ 5 پناہ گاہوں کے علاوہ مخیر حضرات کی جانب سے مزید 5 پناہ گاہیں بھی تعمیر کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

وفد کی جانب سے وزیرِاعظم کو انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے تحت پنجاب میں 5 سرکاری ہسپتال چلانے کے سلسلہ میں دی جانے والی خدمات پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کی جانب سے 15 ارب روپے کی خطیر رقم سے لاہور میں 600 بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال کی بھی تعمیر کی جا رہی ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے انڈس ہیلتھ نیٹ ورک، شیخ اعجاز احمد ٹرسٹ، نعمت سلیم، غنی فاؤنڈیشن و دیگر مخیر حضرات کی جانب سے سماجی فلاح و بہبود کے سلسلہ میں پیش کی جانے والی خدمات کو سراہا۔ ملکی معیشت کی بہتری کے سلسلہ میں کاروباری شخصیات کی جانب سے وزیرِ اعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی جبکہ ملاقات میں کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات