Live Updates

سندھ اسمبلی نے پاکستان کوارٹرز اور مارٹن کوارٹرز کے مکنیوں کو مالکانہ حقوق دینے سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی

ایوان نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سرکاری لوگو سے محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصویر ہٹانے اور شہید بے نظیر بھٹو ائیر پورٹ کا نام تبدیل کرنے سے متعلق قرارداد بھی منظور کر لی سندھ اسمبلی کا اجلاس (آج) پرانی عمارت میں ہوگا، اسپیکر آغا سراج درانی

جمعرات 15 نومبر 2018 23:57

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) سندھ اسمبلی نے پاکستان کوارٹرز اور مارٹن کوارٹرز کے مکنیوں کو مالکانہ حقوق دینے سے متعلق ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کی ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی جبکہ ایوان نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سرکاری لوگو سے محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصویر ہٹانے اور اسلام آباد کے شہید بے نظیر بھٹو ائیر پورٹ کا نام تبدیل کرنے سے متعلق پیپلز پارٹی کی خاتون رکن ماروری راشدی کی ایک قرارداد بھی منظور کرلی۔

خواجہ اظہار الحسن نے اپنی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوارٹرز اور مارٹن کوارٹرز کے مکین برسہا برس سے وہاں رہائش پزیر ہیں اب انہیں بیدخل کیا جارہا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ چار نسلوں سے آباد لوگوں کو بیدخلی سے بچا کر مالکانہ حقوق دیئے جائیں اور وفاقی حکومت اس بارے میں رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائے۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا کہ ہم اس قرارداد کی حمایت کرتے ہیں، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستان کوارٹر کے مکینوں کا مسئلہ حل ہونا چاہیے۔

پیپلزپارٹی کی ماروی راشدی نے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے آفیشل لوگو سے بینظیربھٹوکا نام نکالنے کے خلاف اور شہید بے نظیر بھٹو ائیرپورٹ اسلام آباد کا نام تبدیل کرنے سے متعلق قرارداد پیش کی ۔ پیپلز پارٹی کی خاتون رکن سیدہ شہلا رضا نے ماروی راشدی کی قراداد کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں کی اسکیم کو پوری دنیا کی حمایت حاصل ہے ۔

پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان نے کہا کہ بینظیربھٹو بڑی سیاسی لیڈر تھیں ان کا احترام ہے لیکن پیپلزپارٹی کو اب سیاسی نعروں اور تصویروں سے نکل جاناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیرانکم سپورٹ اسکیم سیاست زدہ ہوگئی ہے، افسوس تویہ ہے کہ آج تک بینظیربھٹو کے قاتل گرفتار نہیں ہوئے۔کل یہ بولیں گے کہ زرداری صاحب کی تصویرنوٹ پرلگادو، یہ نہیں ہوسکتا۔

وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ اس موقع پر سردار شاہ نے بے نظیر بھٹو کی شان میں ایک نظم بھی پڑھی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھی میں بیٹی کو سات قرآن سے تشبیہ دی جاتی ہے، شہید بینظیر بھٹو نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جان دی، شہیدوں پر سیاست نہیں ہوتی۔ ایوان کی کارروائی کے دوران پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی خرم شیر زمان نے اپنے ایک نقطہ اعتراض پر کہا کہ کراچی کی پانچ قانونی مارکیٹوںکوکے ایم سی نے رجسٹریشن منسوخ کرنے کا نوٹس دیا ہے۔

اس سے ڈیڑھ لاکھ افراد متاثر ہوں گے، وزیر بلدیات اس بات کا نوٹس لیں جس پر سعید غنی نے کہا کہ مجھے تفصیلات کا علم نہیں معلومات حاصل کرکے جواب دوں گا۔ ایوان کی کارروائی جمعہ کی صبح تک ملتوی کرنے سے قبل اسپیکر آغا سراج درانی کی جانب سے یہ بھی اعلان کیا گیا کہ (آج) جمعہ کو سندھ اسمبلی کا اجلاس پرانی عمارت میں ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات