بلوچستان کی ترقی کے عمل میں صوبے کی یونیورسٹیوں کے خدمات سے استفادہ کیا جائے گا ،وزیر اعلیٰ بلوچستان

صوبائی حکومت یونیورسٹیوں کو ریسرچ گرانٹ فراہم کرے گی حکومت اور یونیورسٹیوں کے مابین تعاون کے فروغ کے لئے ان کی سربراہی میں یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور محکمہ تعلیم کے حکام پر مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی،جام کمال خان کا بیوٹمزکے دورے کے موقع پر یونیورسٹی کے فیکلیٹی اراکین کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 15 نومبر 2018 23:59

بلوچستان کی ترقی کے عمل میں صوبے کی یونیورسٹیوں کے خدمات سے استفادہ ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی کے عمل میں صوبے کی یونیورسٹیوں کے خدمات سے استفادہ کیا جائے گا ،صوبائی حکومت یونیورسٹیوں کو ریسرچ گرانٹ فراہم کرے گی، اور حکومت اور یونیورسٹیوں کے مابین تعاون کے فروغ کے لئے ان کی سربراہی میں یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور محکمہ تعلیم کے حکام پر مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیوٹمزکے دورے کے موقع پر یونیورسٹی کے فیکلیٹی اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وائس چانسلر بیوٹمز انجینئر فاروق بازئی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت صوبے اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کی ترقی کے لئے اکیڈیمیا کے ساتھ بھرپور تعاون کرکے ان کی خدمات سے استفادہ کرے گی اور حکومت اور یونیورسٹیوں کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم یونیورسٹیوں کی فیکیلیٹز اور فارغ التحصیل طلباء کے تجربہ اور مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، خاص طور سے توانائی کے متبادل ذرائع کی ترقی، کوئٹہ کے ماسٹر پلان کی تیاری اور اربن پلاننگ، فارسٹری، مائننگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ،پانی کے ذرائع کی ترقی اور فارنزک سائنس لیبارٹی کے قیام کے لئے یونیورسٹیوں کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے فارغ التحصیل گریجویٹس اور انجینئرز کو حکومتی اور نجی شعبہ میں انٹرن شپ کے پروگرام شروع کئے جائیں گے اور صوبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کو ہمارے نوجوانوں کو روزگار، تربیت اور انٹرن شپ دینے کا پابند کیا جائے گا، اس موقع پر فیکلیٹی ممبرز کی جانب سے صوبے کے ترقیاتی عمل میں بلامعاوضہ خدمات کی فراہمی کی پیشکش کی گئی اور طے پایا کہ بیوٹمز وزیراعلیٰ کی جانب سے نشاندہی کئے گئے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لئے تجاویز اور سفارشات تیار کرے گی، وزیراعلیٰ نے فیکلیٹی ممبران کے جذبہ کو سراہا انہوں نے اپنے دورہ کے دورہ کے دوران یونیورسٹی کے مختلف شعبوں اور نیشنل انکمبیشن سینٹر کوئٹہ کا معائنہ بھی کیا جہاں طلباء کو بزنس کے شعبہ میں رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے سینٹر میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور این آئی سی کے درمیان شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا۔