بیوہ اپنے مردہ شوہر کی کھال اتروا کر دیوار پر سجائےگی

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 15 نومبر 2018 23:52

بیوہ  اپنے مردہ  شوہر کی کھال  اتروا کر دیوار پر سجائےگی

ایک بیوہ عورت کو جلد ہی ان کے شوہر کی کھال مل جائے  گی، جس کے بعد وہ اس  ٹیٹو بنی کھال کو دیوار پر سجا دیں گی۔
جب 41 سالہ ٹیٹو آرٹسٹ کرس وینزل کو معلوم ہوا کہ وہ مرنے والے ہیں  تو انہوں نے اپنی بیوی شیرل  سے تدفین سے پہلے اپنی  کھال محفوظ کرنے کے بارے میں  بات کی ۔کرس چاہتے تھے کہ ان کے بچے اور پوتے ان کے فن کو سراہیں۔
ساسکاٹون، کینیڈا سے تعلق رکھنے والی شیرل نے بتایا کہ یہ اگرچہ مختلف ہے لیکن یہ اچھا اور وہ اپنے شوہر کے لیے ایسا کریں گی۔


شیرل نے بتایا کہ ٹیٹو کو دیوار پر تصویر کی صورت میں لگایا جا سکتا ہے اور یہ سینکڑوں سال تک محفوظ رہ سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کرس  کو آنتوں کے السر کی تشخیص ہوئی تھی۔ جس کے باعث ان کے دل کی دھڑکن کبھی بے حد تیز اور کبھی بے ترتیب ہو جاتی تھی۔

(جاری ہے)

اکتوبر میں کرس کا سوتے میں انتقال ہوگیا۔ سونے سے پہلے انہوں نے سینے میں درد کی شکایت کی تھی۔


ان کی بیوی نے امریکا میں ایسے خاندانی کاروبار کا پتا چلایا جو  مرنے والے افراد کی ٹیٹو بنی کھال محفوظ کرنے میں ماہر ہیں۔سیو مائی انک فارایور نامی یہ کمپنی تین ماہ تک کرس کی لاش  پر پیچیدہ سرجری کرے گی، جس کے  بعد کرس کی  کھال پر بنے ٹیٹو کھال سمیت محفوظ کر کے  شیرل کےحوالے کر دئیےجائیں گے۔ کمپنی کے مطابق یہ شمالی امریکا میں ٹیٹو کو محفوظ بنانے کے حوالے سے سب سے بڑا کام ہے۔


کرس نے سات سال کی عمر میں اپنی آنٹی  پر  پہلا ٹیٹو بنایا تھا ۔ اس فن کے باعث پورے شہر میں کرس کی عزت کی جاتی تھی۔اگر شہر میں کسی کے جسم پر ٹیٹو ہے تو ممکن ہے اسے کرس نے بنایا ہو۔شیرل کے جسم پر بھی کئی ٹیٹو ہیں، جنہیں کرس نے ہی بنایا تھا۔ شیرل کا کہنا ہے کہ مرنے کے بعد وہ بھی اپنی جلد کی کھال محفوظ کرائے گی اور اس کے ٹیٹو کرس کے ٹیٹو کے ساتھ لگائے جائیں گے۔