سعودی عرب: دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر 900ریال کا جرمانہ ہو گا

ڈرائیونگ کے دوران سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 500ریال جرمانے کی ادائیگی کرناہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 16 نومبر 2018 10:42

سعودی عرب: دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر 900ریال کا جرمانہ ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 نومبر2018) ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال کرنے والے ڈرائیور ہوشیار ہو جائیں کیونکہ ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اس نوعیت کی خلاف ورزی پر جرمانے کی رقم 500ریال سے بڑھا کر 900ریال کر دی گئی جبکہ حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے کی عادت والے ڈرائیوروں کی بھی کم بختی آ گئی ہے۔ اس خلاف ورزی پر جرمانے کی رقم 150ریال سے بڑھا کر 500ریال کر دی گئی ہے۔

ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے مطابق مملکت میں بڑی تعداد میں ڈرائیورز گاڑی چلاتے وقت موبائل فون کا استعمال کرتے ہیں، ایسا کرنے سے دھیان سڑک اور ٹریفک پر سے ہٹ جاتا ہے، اس لاپرواہی کے باعث ہر سال سینکڑوں حادثات رُونما ہو چکے ہیں، جن میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔ قبل ازیں اس نوعیت کی خلاف ورزی پر جرمانے کی رقم 500ریال تھی، لیکن اب اسے بڑھا کر 900 ریال کر دیا گیا ہے، تاکہ ایک بار جب کسی کا اتنی بڑی رقم کا چالان ہو گا، تو وہ اگلی بار ایسی غلطی نہیں دُہرائے گا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سعودی وزارت داخلہ کے میڈیا سنٹر کے ڈائریکٹر طلال الشہلوب نے بتایا کہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال اوربیلٹ نہ باندھنے کی پابندی اندرون شہر اوربیرونِ شہر شاہراہوں دونوں پر لاگو ہوگی۔ اس معاملے میں کوئی رُو رعایت نہیں برتی جائے گی۔ آئندہ اتوار سے ایک خود کار نظام کے تحت ایسی نوعیت کی خلاف ورزی ریکارڈ کی جائیں گی۔

ان پابندیوں کا اطلاق ریاض، مکّہ اور مدینہ کے خطوں میں ہوگا۔ طلال الشہوب کے مطابق اس وقت مملکت میں ٹریفک خلاف ورزیوں کا وہی خود کار نظام نافذ کیا جا رہا ہے جو دُنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک نے اپنایا ہے، تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی لائی جا سکے۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ جرمانوں میں اضافے کے بعد سے ٹریفک حادثات میں ایک تہائی حد تک کمی آ گئی ہے۔ ماضی میں حادثات کا تناسب 18فیصدتھا،جس کے نتیجے میں مارے جانے والے افراد کا تناسب 26 فیصد جبکہ زخمیوں کا تناسب 25 فیصد تھا۔