امریکی سینیٹ نے بحرین کو اسلحے کی فروخت روکنے کی تجویز مسترد کر دی

جمعہ 16 نومبر 2018 11:30

واشنگٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) امریکی سینیٹ نے بحرین کو 30 کروڑ ڈالر مالیت کے اسلحے کی فروخت روکنے سے متعلق تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق گزشتہ روز امریکی سینیٹ ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے رینڈ پال کی مذکورہ تجویز پر ہونے والی رائے شماری میں تجویز کے خلاف 77 اور اس کے حق میں 21 ووٹ آئے۔

ان کی تجویز کی مخالفت کرنے والوں کا کہنا تھا کہ بحرین امریکا کا ایک اہم حلیف ہے وہاں امریکا کا بحری فوجی اڈہ ہے اور امریکا کو خطّے میں اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے اس کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بحرین کا یہ اعلان سامنے آیا تھاکہ اس نے امریکی کمپنی بل کے ساتھ 91.2 کروڑ ڈالر کے ایک سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔ اس کے تحت بحرین مذکورہ کمپنی سے 12 عدد اے ایچ- ہیلی کاپٹر خریدے گا۔

ہیلی کاپٹروں کی پہلی کھیپ 2022ء میں بحرین کے حوالے کی جائے گی۔ دوسری جانب بحرین کی فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ امریکی کمپنی کے ساتھ دستخط کیے جانے والے سمجھوتے میں تربیت اور لوجسٹک خدمات کی فراہمی بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بحرینی فضائیہ کے پاس اس وقت کوبرا ہیلی کاپٹر ہیں اور نئے ماڈل کی جانب تبدیلی کا عمل انتہائی آسان ہو گا۔