ا مریکا کا سعودی عرب سے بہتر کوئی شراکت دار نہیں ، جیمز جیفری

جمعہ 16 نومبر 2018 11:30

واشنگٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) شام کے لیے امریکی صدر کے خصوصی ایلچی جیمز جیفری نے کہا ہے کہ مشرق وسطی میں امریکا کا سعودی عرب سے زیادہ کوئی بہتر شراکت دار نہیں ہے۔ واشنگٹن میں گزشتہ روز کی گئی پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ "مشرق وسطی میں دو اہم ترین معاملات میں سعودی عرب سے زیادہ بہتر ہمارا کوئی ساتھی نہیں ہی"۔

جیفری نے واضح کیا کہ یہ دو معاملات خطّے میں ایران کی مہم جوئی کو روکنا اور انسداد دہشت گردی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی ایلچی کے مطابق "خطّے میں ہم جو کچھ کر رہے ہیں یہ سعودی عرب کے بغیر ممکن نہ تھا"۔امریکی ایلچی نے بتایا کہ شام میں ٹرمپ انتظامیہ کی ترجیحات داعش کی شکست، ملک سے تمام ایرانی فورسز کا انخلاء اور امن عمل کا آغاز ہے۔اس سے قبل بدھ کے روز جیمز جیفری نے باور کرایا تھا کہ واشنگٹن شام سے ایرانی عسکری فورسز کا خروج چاہتا ہے۔

ان کے مطابق ایرانی عسکری وجود کا باقی رہنا خطّے میں امریکا کے شراکت داروں کے لیے خطرہ ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ شام میں مستقل امن کو یقینی بنانے کا واحد راستہ وہاں سے ایرانی فورسز کا نکلنا ہے اور یہ شام کی جنگ ختم ہونے کے فوری بعد عمل میں آ جانا چاہیے۔