دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کی دو تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

دیپیکا پڈوکون کی ہیرے کی انگوٹھی موضوع بحث رہی ، انگوٹھی کی مالیت کروڑوں روپے ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 16 نومبر 2018 11:31

دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کی دو تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل
ممبئی اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 نومبر 2018ء) : بالی وڈ کی شاندار جوڑیوں میں سے ایک جوڑی رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون کی بھی ہے جو 14 اور 15 نومبر کو رشتہ ازدواج میں بندھے لیکن شادی کی تقریب کی پرائویسی اتنی سخت تھی کہ تقریب کی ایک تصویر بھی باہر نہیں نکل سکی۔ تاہم گذشتہ رات کو رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون کی شادی کی دو تصاویر جاری کی گئیں جس نے ان کے مداحوں کے انتظار کو دوام بخشا۔

ان تصاویر میں دونوں کو خوشگوار موڈ میں ایک دوسرے کے ساتھ مُسکراتے ہوئے دیکھا گیا جس نے ان کی مداحوں کا دل جیت لیا۔
دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی کونکنی اور سندھی روایات کے تحت دو مرتبہ شادی ہوئی۔سوشل میڈیا پرجہاں ان کی شادی کی دونوں تصاویر وائرل ہوئیں وہیں دیپیکا پڈوکون کے ہاتھ میں پہنی ہوئی ہیرے کی انگوٹھی بھی موضوع بحث رہی۔

(جاری ہے)

شادی کی تصویر میں دیپیکا پڈوکون نے ہیرے کی انگوٹھی پہن رکھی ہے، جس کے سائز کو دیکھ کر اندازہ ہورہا ہے کہ یہ انگوٹھی بیش قیمتی بھی ہوگی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ نے دیپیکا پڈوکون کو منگنی میں لاکھوں کی نہیں بلکہ تقریباً 3 کروڑ بھارتی روپے کی لاگت سے بنی ہیرے کی انگوٹھی پہنائی جو تقریباً 5 کروڑ پاکستانی روپے بنتے ہیں۔

یاد رہے کہ دیپیکا پڈوکون نے نسٹاگرام جبکہ رنویر سنگھ کے فیس بُک کے اکاؤنٹ پر شادی کی تصاویر جاری کیں۔ فی الحال شادی کی 2 ہی ایسی تصاویر جاری کی گئیں جس میں دونوں فلمسٹارز کو پُر مسرت ہیں اور خوشگوار موڈ میں دیکھا گیا۔
واضح رہےکہ اس سے قبل بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ کی دلہے کے لباس میں بھی ایک تصویر سامنے آئی تھی جسے مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا تھا۔
دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کی تصاویر دیکھ کر ان کے مداحوں نے نو بیاہتا جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔