مقتول جمال خاشقجی کی غائبانہ نمازِ جنازہ مسجد نبوی اور مسجد الحرام میں ادا کردی گئی

عزیز و رشتے دار ،اور عام لوگ جد ہ میں ان کی رہائش گاہ پر آیندہ ہفتے اظہارِ تعزیت کے لیے آسکتے ہیں،بیٹے کا بیان

جمعہ 16 نومبر 2018 12:10

مقتول جمال خاشقجی کی غائبانہ نمازِ جنازہ مسجد نبوی اور مسجد الحرام ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) مقتول سعودی صحافی جمال خاشقجی کی غائبانہ نماز ِ جنازہ مدینہ منورہ میں مسجد النبوی الشریف میں جمعہ کو نمازِ فجر کے بعد ادا کردی گئی ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے محکمہ پبلک پراسیکیوشن کی جانب سے جمال خاشقجی کے قتل کے واقعے کی تحقیقات کے اعلان کے بعد مقتول کے بیٹے صلاح خاشقجی نے تین ٹویٹس جاری کی ہیں اور ان میں اپنے والد کی غائبانہ نماز جنازہ کے وقت کی اطلاع دی ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ان کے عزیز و رشتے دار ، جاننے والے اور عام لوگ جد ہ میں ان کی رہائش گاہ پر آیندہ ہفتے کے دوران میں اظہارِ تعزیت کے لیے آسکتے ہیں،صلاح نے ایک ٹویٹ میں سوگوار خاندان سے اظہار ِ تعزیت کے لیے آنے والی خواتین کے وقت کے اطلاع دی اور دوسری ٹویٹ میں مرد حضرات کا وقت متعیّن کیا۔انھوں نے اللہ سے دعا کی کہ وہ ان کے مقتول والد کی مغفرت فرمائیں اور مصیبت کی اس گھڑی میں ان کے خاندان کو صبر ِ جمیل عطا فرمائیں۔