امریکا کا سعودی عرب سے بہتر کوئی شراکت دار نہیں ، جیمز جیفری

مشرق وسطی میں دو اہم ترین معاملات میں سعودی عرب سے زیادہ بہتر ہمارا کوئی ساتھی نہیں ہے،پریس کانفرنس

جمعہ 16 نومبر 2018 12:10

امریکا کا سعودی عرب سے بہتر کوئی شراکت دار نہیں ، جیمز جیفری
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) شام کے لیے امریکی صدر کے خصوصی ایلچی جیمز جیفری نے کہاہے کہ مشرق وسطی میں امریکا کا سعودی عرب سے زیادہ کوئی بہتر شراکت دار نہیں ہے۔غیرملکی خبررساں ادار ے کے مطابق ایک کانفرنس میں شرکت کے دوران ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطی میں دو اہم ترین معاملات میں سعودی عرب سے زیادہ بہتر ہمارا کوئی ساتھی نہیں ہے۔

جیفری نے واضح کیا کہ یہ دو معاملات خطّے میں ایران کی مہم جوئی کو روکنا اور انسداد دہشت گردی ہے۔ امریکی ایلچی کے مطابق خطّے میں ہم جو کچھ کر رہے ہیں یہ سعودی عرب کے بغیر ممکن نہ تھا۔امریکی ایلچی نے بتایا کہ شام میں ٹرمپ انتظامیہ کی ترجیحات ، داعش کی شکست، ملک سے تمام ایرانی فورسز کا انخلاء اور امن عمل کا آغاز ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بدھ کے روز جیمز جیفری نے باور کرایا تھا کہ واشنگٹن شام سے ایرانی عسکری فورسز کا خروج چاہتا ہے۔

ان کے مطابق ایرانی عسکری وجود کا باقی رہنا خطّے میں امریکا کے شراکت داروں کے لیے خطرہ ثابت ہو گا۔امریکی وزارت خارجہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جیفری کا کہنا تھا کہ شام میں مستقل امن کو یقینی بنانے کا واحد راستہ وہاں سے ایرانی فورسز کا نکلنا ہے اور یہ شام کی جنگ ختم ہونے کے فوری بعد عمل میں آ جانا چاہیے۔