انٹیریئرز پاکستان نمائش میں غیر ملکی سرمایہ کاروں اور مینوفیکچررز نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے،نمائش مقامی فرنیچر انڈسٹری کے فروغ اور فرنیچر کی برآمدات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی،

چیف ایگزیکٹو پی ایف سی میاں کاشف اشفاق

جمعہ 16 نومبر 2018 12:50

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ فرنیچر انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں، مینوفیکچررز اور خریداروں نے 14 دسمبر سے ایکسپو سینٹر لاہور میں شروع ہونے والی دسویں 3 روزہ انٹیریئرز پاکستان نمائش میں شرکت میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔

جمعہ کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایف سی کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں مسلسل 9 نمائشوں کا کامیاب انعقاد کر چکی ہے اور اس مرتبہ پھر یہ نمائش مقامی فرنیچر انڈسٹری کے فروغ اور فرنیچر کی برآمدات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک چین، ترکی، تائیوان، تھائی لینڈ اور ملائیشیا سے تعلق رکھنے والی مختلف کارپوریٹ کمپنیوں نے پی ایف سی سے رابطہ کر کے اس میگا ایونٹ میں شرکت میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے اور توقع ہے کہ 50 سے زائد اہم غیر ملکی اور مقامی کمپنیاں اور انٹیریئر ڈیزائنرز اس میں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گے جبکہ دو سے ڈھائی لاکھ افراد اس میگا نمائش کو دیکھنے کیلئے آئیں گے۔

(جاری ہے)

یہ نمائش نوجوان ڈیزائنرز اور آرکیٹیکٹس کو نئے مارکیٹ رجحانات کے جائزہ اور مستند ماہرین کے ساتھ روابط اور اپنے کام کے ڈسپلے کا موقع بھی فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس میگا نمائش کے حوالے سے مقامی اور غیر ملکی شرکاء کے ساتھ قریبی رابطے کے لئے منیجر مارکیٹنگ پی ایف سی ذیشان راٹھور کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔ معلومات کی فوری فراہمی کی غرض سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے لئے ایک خصوصی ڈیسک قائم کیا جائے گا تاکہ انہیں تمام سہولیات کی مفت فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

نانہوں نے مزید کہا کہ پی ایف سی زیادہ سے زیادہ ممالک میں پاکستانی فرنیچر مصنوعات کی رسائی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں جگہ بنانے کیلئے پاکستانی فرنیچر ڈیزائنرز اور مینوفیکچررز کے لئے فوکل پوائنٹ کے طور پر اپنا کام جاری رکھے گی۔ پاکستان کی لکڑی کی صنعت بہت ترقی یافتہ ہے اور ملک کی 95 فیصد فرنیچر مارکیٹ کی ضٖروریات کو پورا کرتی ہے۔ ملک میں لکڑی کے فرنیچر کے 700 سے زائد یونٹ قائم ہیں اور صرف چینیوٹ ملک میں 80 فیصد فرنیچر کی طلب کو پورا کرتا ہے جبکہ گجرات، ورلڈ کلاس فرنیچر کا مرکز اور پشاور، لاہور اور کراچی اس کے اہم مراکز ہیں۔