لگژری اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھائی گئی ہے، خام مال پر ڈیوٹیاں کم کرنے سے ملکی پیداوار میں اضافہ، درآمدات کم ہوں گی

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود کا ایوان بالا میں جواب

جمعہ 16 نومبر 2018 13:40

․ اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ 570 لگژری اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھا دی گئی ہے، خام مال پر ڈیوٹیاں کم کی جائیں گی، اس سے ملکی پیداوار بڑھے گی اور درآمدات کم ہوں گی۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر مشتاق احمد، سینیٹر طلحہ محمود، چوہدری تنویر چوہدری خان، سینیٹر جہانزیب جمالدینی اور نعمان وزیر کے ضمنی سوالات کے جواب میں وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و ٹیکسٹائل عبدالرزاق دائود نے بتایا کہ سپلیمنٹری بجٹ میں 570 لگژری آئٹمز پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھا دی ہے، اس کا فائدہ آنے والے دنوں میں سامنے آئے گا، اشیائے تعیش اور غیر ضروری سامان کی درآمدات میں کمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انڈونیشیاء کے ساتھ ایف ٹی اے کے تحت زیادہ سے زیادہ پیداوار پاکستان میں ہو گی اور برآمدات بڑھیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ ریگولیٹری ڈیوٹی تیار اشیاء پر بڑھائی جائے گی، خام مال پر ڈیوٹیاں کم کی جائیں گی، اس سے ملک میں پیداوار بڑھے گی اور درآمدات کم ہوں گی، ہم چاہتے ہیں، خام مال ملک میں آئے اور یہاں مصنوعات تیار ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں ریفائننگ کی گنجائش کم ہو گئی ہے، اس لئے ہم ویلیو ایڈڈ پراڈکٹس زیادہ منگوا رہے ہیں، ریفائننگ کی گنجائش بڑھانے میں کم از کم تین سال لگیں گے۔

متعلقہ عنوان :