سردی کی شدت میں اضافہ اورشادیوں کے سیزن کی وجہ سے جڑواں شہروں میں پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ

جمعہ 16 نومبر 2018 14:20

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) سردی کی شدت میں اضافہ اورشادیوں کے سیزن کی وجہ سے جڑواں شہروں اورملک کے دیگر حصوں میں پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے۔ جڑوں شہروں کی مختلف مارکیٹوں میں زندہ برائلر چکن کی قیمت میں 10 سے لیکر 20 روپے فی کلوگرام تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ آبپارہ، گول مارکیٹ، گولڈن مارکیٹ، جی ایٹ مرکز، کراچی کمپنی، جی الیون، جی 13، فیض آباد، کمرشل مارکیٹ اورصدر سمیت بیشتر مارکیٹوں میں ریٹیلرز فی کلو 190 سے لیکر200 روپے میں فروخت کررہے ہیں۔

اسی طرح انڈوں کی قیمت بھی 120 اور 140 روپے فی درجن کے قریب ہے۔ اس صورتحال سے متوسط اورکم آمدنی والے افراد کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیونکہ چکن کم آمدنی والے طبقات کیلئے پروٹین کے حصول کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

(جاری ہے)

جی 13 میں ایک ہول سیل ڈیلر نورخان کے مطابق پولٹری کارٹیل اس صورتحال کا ذمہ دار ہے جو روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم اس کارٹیل کے رحم وکرم پر ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اس صورتحال میں موثر طور پر کام نہیں کررہی۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق زیادہ منافع کے حصول کیلئے ملک میں پیداہونے والی پولٹری کا ایک بڑا حصہ افغانستان اورایران سمگل ہورہاہے۔ آئی سی ٹی مارکیٹ کمیٹی کے چئیرمین کے مطابق شادیوں کے سیزن کی وجہ سے طلب بڑھ جاتی ہے جس کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ سردیوں میں پولٹری فارمرز مرغیوں کو گرم رکھنے کیلئے گیس ہیٹرز اورلکڑیاں استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے پیداواری اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولٹری کیلئے خوراک برازیل اوردیگر ممالک سے درآمد کی جاتی ہے اس کے علاوہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے بھی پیداواری اخراجات بڑھ جاتے ہیں جس کی وجہ سے پولٹری کی قیمتوں پرفرق پڑتا ہے۔