سب سینیٹرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایوان میں غیر پارلیمانی زبان استعمال نہ کریں

سینیٹرز کے سوالات کے تسلی بخش جواب نہیں دیئے جارہے، سینیٹر شیری رحمن کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 16 نومبر 2018 14:20

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ حکومت نے ایس پی طاہر داوڑ کے قتل اور ٹیکسز کے حوالے سے تسلی بخش جواب نہیں دیئے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ حکومت اچھی طرح چلے، سب سینیٹرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایوان میں غیر پارلیمانی زبان استعمال نہ کریں، اپوزیشن نے حکومت کو ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا ہے مگر اس کے باوجود وزراء ایوان میں غیر پارلیمانی زبان استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ نے اپوزیشن کی تجویز پر وفاقی وزیر اطلاعات کے ایوان میں داخلے پر پابندی لگائی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹرز کے سوالات کے تسلی بخش جواب نہیں دیئے جاتے، ہم نے ایس پی طاہر داوڑ کے قتل کے حوالے سے حکومت سے پوچھا تو تسلی بخش جواب نہیں ملا اور نہ ہی ٹیکسز کے حوالے سے تسلی بخش جواب دیا جا رہا ہے۔