ملک کے خلاف منفی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرنے، خارجہ پالیسی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے

سینیٹر پیر صابر شاہ کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 16 نومبر 2018 14:20

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پیر صابر شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ چالیس سال سے افغانیوں کو سینے سے لگایا ہوا ہے اس کے باوجود ان کا رویہ سب کے سامنے ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو خارجہ پالیسی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، ہم نے افغان مہاجرین کو چالیس سال سے سینے سے لگایا ہوا ہے اس کا جواب یہ مل رہا ہے کہ ہمارے پولیس آفیسر کو قتل کر کے لاش بھی پاکستانی حکام کے حوالے نہیں کی جاتی ، حکومت کو اس حوالے سے سنجیدگی سے سوچنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کی ہر موقع پر مدد کی جبکہ سب کے سامنے ہے کہ افغانستان کی حکومت کا رویہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو نہ صرف افغان مہاجرین کو واپس بھیجنے کے حوالے سے سنجیدگی سے سوچنا ہو گا بلکہ ملک کے خلاف منفی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو بھی بے نقاب کرنا ضروری ہے۔