Live Updates

لاہور سمیت پنجاب کے میدابی علاقے سموگ سے بہت زیادہ متاثر ہیں،اس سے نمٹنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں

وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کا ایوان بالا میں جواب

جمعہ 16 نومبر 2018 14:20

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے میدابی علاقے سموگ سے بہت زیادہ متاثر ہیں، یہ انتہائی اہم مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، تاہم اس سلسلہ میں طویل المدت اقدامات کرنا ہوں گے۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر شیری رحمن کے توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے زرتاج گل نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کا شکار ملک ہے، سینیٹر شیری رحمن کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ سموگ کا مسئلہ اٹھایا، ہم بھارت سمیت اپنے ہمسایوں سے بہت سے مسائل پر بات کرتے ہیں، سموگ بھی ان میں سے ایک مسئلہ ہے، سموگ کے پیدا ہونے کی کچھ وجہ بھارت بھی ہے، خطے کے ملکوں نے اس حوالے سے معاہدہ کیا ہوا ہے کہ ایسے اقدامات کئے جائیں گے کہ کوئی ہمسایہ ماحولیاتی آلودگی سے متاثر نہ ہو، لاہور سے ڈیرہ غازی خان تک کا علاقہ سموگ سے سب سے زیادہ متاثر ہے، ہم نے اینٹوں کے بھٹے اس لئے بند کرائے ہیں کہ ان میں ٹائر جیسی اشیاء بھی جلائی جاتی ہیں، ہم نے ایسے بھٹے قائم کرانے ہیں جن سے ماحولیاتی آلودگی کم سے کم ہو، حکومت نے آلودگی کا باعث بننے والے 13 پاور پلانٹ بند کرائے ، سرگودھا، گوجرانوالہ میں دھان کی باقیات کو آگ لگانے والے کسانوں کے خلاف مقدمات بھی قائم کئے گئے ہیں، لاہور میں دھواں دینے والی گاڑیوں کے 50 لاکھ روپے کے چالان کئے گئے ہیں، وزیراعظم عمران خان ماحولیاتی آلودگی کے چیلنج کو سب سے زیادہ سمجھتے ہیں اور اس کے حل کے لئے سنجیدہ ہیں، ہم گرین پاکستان کے لئے کام کر رہے ہیں، گلیشیئرز کے حوالے سے بھی کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں سینیٹر شیری رحمن نے توجہ مبذول نوٹس پر کہا کہ سموگ کا مسئلہ ہے کیا اس بارے میں عوامی شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، اب یہ مسئلہ لاہور، کراچی کے بعد اسلام آباد میں بھی آ گیا ہے، لاہور دنیا میںہوائی آلودگی کے لحاظ سے نویں نمبر پر آ گیا ہے، اب ایسی آلودہ ہوا ہے جس میں سانس لینا مشکل ہو گیا ہے، بتایا جائے کہ حکومت اس بارے میں کیا اقدامات کر رہی ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات