وزیراعظم کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث مافیا کے خلاف بڑے کریک ڈائون کا فیصلہ

پاکستان سے رقوم کی غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک منتقلی کو روکنے کیلئے سندھ میں ایف آئی اے کی ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں سندھ زون میں بنائی جانیوالی ٹیمیں ڈپٹی ڈائریکٹر ز کی نگرانی میں کام کریں گی ،ملازمین کو گرفتار کرنے کے بجائے مالکان کو حراست میں لیا جائے ،ہدایات جاریں

جمعہ 16 نومبر 2018 14:30

وزیراعظم کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث مافیا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی سمیت ملک بھر میں حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث مافیا کے خلاف بڑے کریک ڈائون کا فیصلہ کر لیا گیاہے۔سندھ زون میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جن کو یومیہ پانچ چھاپے مارنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کراچی میں حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث افراد کی اکثریت نئے احکامات کے بعد روپوش ہوگئی اور اپنا کام عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔

وزیراعظم کے حکم پر ایف آئی اے نے کراچی سمیت ملک بھر میں منی لانڈرنگ، حوالہ و ہنڈی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی تیاری کرلی ہے۔ ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ سندھ زون میں ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل، کمرشل بینکنگ سرکل، کارپوریٹ کرائم سرکل، اینٹی کرپشن سرکل، حیدرآباد اور سکھر زون کے ایڈیشنل اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کی نگرانی میں ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے سندھ زون کے ڈپٹی ڈائریکٹر کرائم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں ان ٹیموں کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ سندھ زون میں ہونے والی کارروائی میں ماضی کی طرح منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کام میں ملوث کمپنیوں کے ملازمین کو گرفتار کرنے کے بجائے ان کے مالکان کو گرفتار کیا جائے اور ان کے قبضے سے ملنے والے کمپیوٹر، موبائل فونز، لیپ ٹاپ و دیگر دستاویزات کی فرانزک جانچ کی جائے، جبکہ کوئی بھی سرکل کسی کے خلاف کارروائی کرے تو اس کارروائی میں گرفتاریوں، قبضے میں لی گئی اشیا، کرنسی اور اپنے تاثرات پر مبنی ایک فارم کو مکمل پر و تحریر کرکے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو ارسال کیا جائے اور یہ رپورٹ یومیہ بھیجی جائے۔

دوسری جانب معاشی ماہرین کے مطابق حکومت کا حوالہ و ہنڈی کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ درست اور بروقت ہے اس سے معاشی مشکلات میں کمی آسکتی ہے تاہم کریک ڈائون اس طرح ہونا چاہیے کہ نیٹ ورک دوبارہ فعال نہ ہو سکے۔ علاوہ ازیں سندھ میں منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے ایف آئی اے نے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے اینٹی کرپٹنگ ونگ اسلام آباد ہیڈ آفس کی جانب سے گزشتہ روز ایک لیٹر ADG/ACW/2018 جاری کیا گیا تھا،جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ منی لانڈرنگ، حوالہ و ہنڈی جیسے غیر قانونی ذرائع سے رقوم کی نقل و حمل میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈائون کریں، تمام ذمہ داران کو 24 نومبر کو کارروائیوں کی رپورٹ جمع کرانے کا پابند کیا گیا ہے۔