جمعیت طلبااسلام کے تین سالہ تنظیمی مدت ختم ہونے پر صوبوں کی تنظیم تحلیل، مرکزی امیر جمعیت علما اسلام کے ہدایت پر صوبائی کنوینر صاحبان کا اعلان،

جمعہ 16 نومبر 2018 14:40

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) جمعیت طلباء اسلام پاکستان کے مرکزی کنوینر ہدایت اللہ پیر زادہ نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان کی صدارت میں منعقدہ جمعیت علماء اسلام کی مرکزی شوریٰ نے جمعیت طلبااسلام کی تین سالہ تنظیمی مدت ختم ہونے پر صوبوں کی تنظیم تحلیل کرکے ازسر نو رکنیت سازی شروع کرنے اور اس کے بعد تنظیم سازی کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ جے ٹی آئی کے زیر اہتمام مارچ 2019 میں منعقدہ گولڈن جوبلی کے پروگرام کو اکتوبر 2019 میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ۔

انہوں جمعہ کو کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی شوریٰ کے اجلاس میں امیر جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان نے کنوینر ہدایت اللہ پیر زادہ کو ہدایت کی کہ وہ چاروں صوبوں میں کنوینر کو نامزد کرکے رکنیت سازی کا عمل شروع کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشاورت کے بعد میں آج اس موقع پر تمام صوبوں کے کنوینروں کا اعلان کرتاہوں اس کے مطابق صوبہ بلوچستان کے کنوینر حافظ محمد حسن اور صوبہ سندھ کے کنوینر زاہد شاہ ہاشمی اور صوبہ بلوچستان کے کنوینر ملک اویس اور صوبہ خیبر پختونخواکے کنوینر احمد شہزاد گلگت بلتستان کے کنوینر شہراللہ اور آزاد کشمیر کے کنوینر محمد کامران جبکہ اسلام آباد کے کنوینر ابوذر اور اسلامک یونیورسٹی کے کنوینر شہزاد خان مروت اور فاٹا کا کنوینر عطاء الرحمان محسود کو نامزد کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کنوینرز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ اپنے صوبوں میں ضلعی سطح پر کنوینرکو نامزد کرکے رپورٹ مرکز کو پیش کریں۔