سرفراز احمد نے ایک فرنچائز کی جانب سے کی جانےوالی بھاری پیشکش ٹھکرا دی

بڑے پن کا مظاہرہ کرنے پر میں نے ان کا شکریہ بھی ادا کیا:ندیم عمر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 16 نومبر 2018 15:32

سرفراز احمد نے ایک فرنچائز کی جانب سے کی جانےوالی بھاری پیشکش ٹھکرا ..
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16نومبر2018ء) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کہا کہ سرفراز احمد نے پیسے کوترجیح نہ دیتے ہوئے ایک فرنچائز کی جانب سے کی جانے والی بھاری پیشکش ٹھکرا دی، بڑے پن کا مظاہرہ کرنے پر میں نے ان کا شکریہ بھی ادا کیا، سرفراز کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 2 بار فائنل کھیلا، تیسرے میں بھی بھرپور فائٹ کی، اس بار ٹائٹل جیتنے کی کوشش کریں گے۔

ندیم عمر نے کہا کہ پاکستان آنے سے انکار کرنےوالے غیر ملکی کرکٹرز کے ساتھ معاہدہ نہ کرنے کی پالیسی پر فوری طور پر عمل نہیں کیا جا سکتا، ڈیویلیئرز، شین واٹسن سمیت 20 ،22 سٹار کرکٹرز کے ساتھ کنٹریکٹ نہ ہوں تو پی ایس ایل کی چمک دمک ماند پڑ جائے گی، ہماری اپنی ٹیم اگر سٹار کرکٹرز کے بغیر کھیلے اور پلے آف مرحلے تک ہی رسائی نہ پا سکے تو کراچی اورلاہور میں میچز کھیلنے کی تو نوبت ہی نہیں آئےگی، ابھی تھوڑا انتظار کرنا ہو گا، ملکی حالات بہتراور لیگ مزید مستحکم ہوجائے تو غیر ملکی کھلاڑیوں کو آمادہ کیا جاسکتا ہے، فی الحال ہم شین واٹسن کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ پاکستان میں بھی آکر کھیلیں۔

(جاری ہے)

ندیم عمر نے کہا کہ غیر ملکی کرکٹرز کے پاکستان آنے سے انکار کی وجہ سے کمبی نیشن متاثر ہوتا اور ہماری قوت کم پڑ جاتی ہے اسی لیے اب مقامی کھلاڑیوں پر زیادہ انحصار کا فیصلہ کیا ہے، عمراکمل نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھا پرفارم کیا، وہ پاکستان کیلیے بھی کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، انھیں موقع دیا ہے کہ اپنے اور ٹیم کیلئے پرفارم کرتے ہوئے خود کو دوبارہ گرین شرٹ پہننے کا اہل ثابت کریں،اسی طرح کا موقع احمد شہزاد کو بھی دیا تھا، انہوں نے کارکردگی بھی دکھائی۔

باﺅلنگ ایکشن مسائل کے باوجود سنیل نارائن کو لینے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ سپنر اپنے ایکشن کی اصلاح کے بعد آئی پی ایل اور کیریبیئن پریمیئر لیگ بھی کھیل چکے ہیں، وہ بطور بولر کارآمد ہونے کےساتھ جارح مزاج اوپنر کا کردار بھی بخوبی ادا کرسکتے ہیں۔ سہیل تنویر بھی گزشتہ تینوں ایونٹس میں مختلف فرنچائززکی طرف سے کھیلے،ان کو پکی جگہ اور ہمیں ایک تجربہ کار پیسر کی تلاش تھی، وہ پرفارم کرتے رہے تو 3سال بھی ہمارے ساتھ رہ سکتے ہیں۔