Live Updates

سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز خان نے گذشتہ رات اہلیہ سے آخری گفتگو کی

آخری گفتگو میں اہلیہ سے کیا بات ہوئی؟ تفصیلات سامنے آگئیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 16 نومبر 2018 15:42

سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز خان نے گذشتہ رات اہلیہ سے آخری گفتگو ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 نومبر 2018ء) : ایس پی طاہر داوڑ کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ایک اور سرکاری افسر غائب ہو گیا۔ سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز خان نے گذشتہ رات لا پتہ ہونے سے قبل اپنی اہلیہ سے آخری مرتبہ بات کی۔ پولیس نے بتایا کہ ایاز خان نے گذشتہ رات اپنے گھر فون کر کے کہا کہ میں لیٹ آؤں گا لیکن پھر گھر واپس نہیں لوٹے۔

پولیس ذرائع کے مطابق میلو ڈی کے گرد نصب سیف سٹی کے کیمرے بھی خراب ہیں، جس کی وجہ سے ان کی مذکورہ علاقے میں نقل و حرکت کے حوالے سے تفصیلات حاصل نہیں کی جاسکتیں۔ یاد رہےکہ سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز خان تھانہ آبپارہ سے لا پتہ ہو گئے۔ سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز خان ایچ آر ڈی میں تعینات تھے۔ ایاز خان کے اہل خانہ نے کہا کہ گذشتہ رات سے ان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا ، ایاز خان کا موبائل بھی بند جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر سی ڈی اے ایاز خان کے پی اے نے پولیس کو ان کی گمشدگی کی اطلاع دی۔ پی اے کے مطابق ایاز خان کل ڈھائی بجے تھانہ آبپارہ سے نکلے جس کے بعد سے اب تک لا پتہ ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایاز خان کو مبینہ طور پر اغوا کیا گیا ہے۔ان کی لوکیشن معلوم کرنے کے لیے سی ڈی آر نکلوا رہے ہیں۔ دوسری جانب ایاز خان کی اہلیہ اور ان کے برادر نسبتی حسن نے ان کی گمشدگی کے حوالے سے تھانہ آبپارہ میں تحریری درخواست بھی جمع کروا دی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایس پی رورل پشاور طاہرخان داوڑ لاپتا ہوگئے تھے۔ طاہرخان ایف 10 مرکز میں ٹریک سوٹ میں واک کررہے تھے کہ لاپتہ ہو گئے۔جس کے بعد پولیس نے ان طاہر داوڑ کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس کی جانب سے کوشش کے باوجود بھی طاہر داوڑ کا سُراغ نہیں لگایا جا سکا۔رواں ماہ اطلاع موصول ہوئی کہ ایس ایس پی رورل طاہر خان خٹک کو قتل کر دیا گیا ۔

ذرائع نے بتایا کہ ایس ایس پی طاہر خان درواڑ کو افغانستان میں قتل کیا گیا۔ طاہر داوڑ کو اغوا کر کے افغانستان لے جایا گیا تھا جہاں ان کو صوبے ننگرہار میں قتل کردیا گیا۔گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے ایس پی طاہر خان داوڑ کے قتل کا نوٹس لیا اور واقعہ سے متعلق وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ افغان حکام نے پاک افغان بارڈر پر طاہر داوڑ کی میت کو افغان حکام کے حوالے کرنے سے پہلے تو انکار کیا لیکن بعد ازاں حکومتی وفد کی جانب سے افغان حکام سے مذاکرات کے بعد ایس پی طاہر داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کے حوالے کردیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے افسر طاہر خان داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کے حوالے کرنے کے لیے افغانستان کے شہر جلال آباد سے طورخم بارڈر لایا گیا ۔شہید ایس پی طاہرداوڑکی نمازجنازہ پولیس لائن پشاورمیں اداکی گئی۔ اس موقع خیبرپختونخوا پولیس کے خصوصی دستے نے شہید ایس پی طاہر داوڑ کے جسد خاکی کوسلامی پیش کی جس کے بعد نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات