عیدمیلادالنبی ﷺ کی تقریبات میں نئے رجحانات نے عاشقان رسول کے جوش وخروش میں اضافہ کردیا

جمعہ 16 نومبر 2018 16:30

ملتان۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) گزشتہ چند برسوں کے دوران جہاں زندگی کے دیگر معاملات اور تہواروں کاانداز تبدیل ہوا ہے اسی طرح عیدمیلاد النبی ﷺ کی تقریبات میں بھی نئے رجحانات سامنے آئے ہیں جن میں عیدمیلاد النبی ﷺ کے روز ہزاروں پونڈ وزنی کیک کاٹنا اور لکڑی اور پھولوں کی محرابوں کی جگہ پینا فلیکس والے آرائشی محرابوں کا استعمال خاص طورپر قابل ذکر ہے۔

اس کے علاوہ عیدمیلاد النبی ﷺ کے جلوسوں میں بھی لکڑی کے ماڈل کی بجائے خانہ کعبہ اورمسجد نبوی کے پلاسٹک اور پینافلیکس سے آراستہ ماڈلزاستعمال کیے جارہے ہیں جبکہ عیدمیلاد النبی ﷺ کے موقع پرچاولوں کی دیگوں کی بجائے اب لنچ باکس تقسیم کیے جاتے ہیں۔نامور مورخ اور ملتان کی تاریخ پر کئی کتابوں کے مصنف فاروق انصاری نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے بچپن میں تو گھروں پر تیل کے چراغ روشن کیے جاتے تھے اوراسی لیے ان روشنیوں کو چراغاں کہا جاتاتھا۔

(جاری ہے)

پھرہم نے اس چراغاں کو برقی قمقموں میں تبدیل ہوتے دیکھا اوراب تو قمقموں کی جگہ ایل ای ڈی اور چائنہ لائٹس نے لے لی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ عیدمیلاد النبی ﷺ پر ملتان میں بہت جوش وخروش دیکھا۔لوگوں میں نمودونمائش کم اور عقیدت زیادہ ہوتی تھی۔نامور ماہر قانون ،شاعر اور جماعت اہلسنت پاکستان کے رہنماء وسیم ممتاز نے کہا کہ عیدمیلاد النبی ﷺ کا دن ہمیشہ سے بہت جوش وخروش کے ساتھ منایاجاتا ہے اور ایسا کیوں نہ ہو ہم اپنے محبوب حضرت محمد مصطفی ﷺ کا جشن ولادت شان وشوکت سے ہی مناناچاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عیدمیلاد النبی ﷺ کی تقریبات میں نئے رجحانات نے عاشقان رسول کے جوش وخروش میںمزید اضافہ کردیا۔انہوں نے کہاکہ ہمارے بچپن میں زردہ اور حلوہ میٹھے کے طورپر تقسم کیاجاتاتھا۔اس کے علاوہ گرمیوں کے موسم میں دودھ اور سردیوں میں چائے کی سبیل ہوتی تھی۔یہ سب کچھ اب یکسر تبدیل ہوچکا ہے ۔کپڑے کے بینر اور لکڑی کے قدآدم بورڈ شہر میں مختلف مقامات پرلگائے جاتے تھے۔

صدرمیلاد کمیٹی انجمن اسلامیہ اوررسینئر صحافی مظہر جاوید نے کہا کہ ملتان میں انجمن اسلامیہ کے زیراہتمام عیدمیلادالنبیﷺ کاروایتی جلوس گزشتہ 90سال سے جاری ہے اوراس مرتبہ ہم اس جلوس کا بھی 90سالہ جشن منارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ جلوس بھی اب نئے رجحانات کا حامل ہوگیاہے۔ہم نے اپنے بچپن میں اس جلوس میں بہت سی بیل گاڑیاں بھی دیکھیں۔اس کے علاوہ اونٹوںکی قطاریں بھی جلوس میں شامل ہوتی تھیں۔انہوں نے کہاکہ اصل بات یہ ہے کہ ہم نبی آخرالزماںﷺ کاجشن ولادت بہت شان سے مناتے ہیں اور جدید دور میں جب اوربہت سے تہواروں اور تقریبات میںتبدیلی آگئی ہے تو اس خاص موقع پر بھی نئے رجحانات کاسامنے آنافطری بات ہے۔