نٹرنیشنل ڈیسک *

جاپان ‘سربراہ سائبر سیکورٹی کمپیوٹر معلومات سے بلکل لاعلم زندگی میں کبھی کمپیوٹر استعمال نہیں کیا‘ضرورت پڑنے پر احکامات سیکرٹریز کو دے دیتا ہوں‘وزیر یوشی تاکوسکور

جمعہ 16 نومبر 2018 16:50

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2018ء) جاپان کی سائبرسکیورٹی کے نئے وزیر نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اپنی زندگی میں کبھی کمپیوٹر استعمال نہیں کیا ۔خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹیکنالوجی کی دنیا میں نت نئی ایجاد میں مہارت رکھنے جاپان کے ایک وزیر کی جانب سے یہ انکشاف مقامی عوام کیلئے کسی بڑے دھچکے سے کم نہ تھا، خصوصاً اس لیے کیونکہ یوشی تاکا سکورادا سائبر سکیورٹی کے نئے وزیر کے عہدے پر تعینات ہوئے ہیں۔

گزشتہ روز ایوان زیریں میں ایک قانون دان مساتو ایمائی کی جانب سے کیے گئے سوال کے جواب میں یوشی تاکا نے بتایا کہ وہ جب سے 25 سال کی عمر کو پہنچے اور خود مختار ہوئے، وہ اپنے اسٹاف اور سیکریٹریز کو ہدایات جاری کر دیتے ہیں، انہوں نے کبھی کمپیوٹر کو ہاتھ نہیں لگایا۔

(جاری ہے)

68 سالہ وزیر کو گزشتہ ماہ ہی یہ ذمے داری سونپی گئی تھی اور یوشی تاکا کو اس کیساتھ ساتھ 2020 کے ٹوکیو اولمپکس کی تیاریوں کے سلسلے میں ملک کے انسداد ہیکنگ سسٹم کے نگراں بھی مقرر کیا گیا۔

مساتو ایمائی نے اس جواب پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ بات ناقابل یقین محسوس ہوتی ہے کہ جو شخص ملک کی سائبر سیکیورٹی کا سربراہ ہے، اس نے زندگی میں کبھی انٹرنیٹ استعمال نہیں کیا۔البتہ جاپان کے عوام اور قانون دانوں کی جانب سے شدید تنقید کے باوجود نئے سائبر سیکیورٹی سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کے دیگر عہدیداروں کے پاس درکار تجربہ موجود ہے اور میں پر اعتماد ہوں کہ ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔اس معاملے پر جاپان کے سوشل میڈیا پر بھی وزیر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا البتہ کچھ لوگوں نے اس چیز کا مثبت پہلو نکالتے ہوئے یہ منطق بھی پیش کی کہ کم از کم یوشی تاکا کو ہیک نہیں کیا جا سکے گا۔