موٹرکار ریس کے مقابلوں نے پاکستان کی دنیا بھر میں نئی پہچان بنائی ہے، نادر مگسی

جمعہ 16 نومبر 2018 17:00

ملتان۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) موٹر کارریس کے مقابلے جو ہمارے عوام پہلے صرف ٹی وی سکرین پر دیکھتے تھے اب پاکستان میں بھی اس کے پھیلائو کی وجہ سے اس نے ہمارے ملک کی دنیا بھر میں ایک نئی پہچان بنائی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان بائیکرز ٹریولرز ایسوسی ایشن اور وز واش(Wiz Wash)کے تعاون سے منعقدہ ’’ وز جیپ ریلی ایوارڈ‘‘ کی تقریب اوربعد ازاں اے پی پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے چولستان جیپ ریلی 2018ء اور دوسری تھل جیپ ریلی2017ء کے فاتح نادر مگسی نے کہا کہ آج پاکستان میں جھل مگسی،گوادر، چولستان، تھل اور سکردو تک میں موٹرسپورٹس مقابلے شروع ہوچکے ہیں جو نہ صرف صحت مند سرگرمیوں کی علامت بلکہ اس سے دنیا بھر میں ہماری شناخت کھیلوں سے محبت کرنے والوں اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے والوں میں ہورہی ہے،تاہم ابھی تک حکومتی سطح پر ان سرگرمیوں کوریگولیٹ کرنے ، ان میں بہت زیادہ تعاون کرنے اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت کوبھی آگے آنا ہوگا،سندھ کے سابق وزیر اور موٹرریس کے نامور کھلاڑی نادرمگسی نے کہاکہ یہ کھیل اب نوجوانوں میں بہت مقبول ہورہاہے اور پاکستان میں ہونیوالے مقابلوں میں ہمارے جیسے سینئر کھلاڑیوں کے مقابلے میں نوجوان کھلاڑیوں کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے جن کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے ،دنیا میں نئی ٹیکنالوجی اورجدت کارجحان ہے ہمیں بھی اس طرف توجہ دے کر موٹرریس کوزیادہ محفوظ اور شائقین کے لیے زیادہ دلچسپی پیدا کرنی ہوگی،نامور صنعت کار احسن رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں معاونت فراہم کرکے ہم اپنی سماجی ذمہ داری پوری کررہے ہیں،نوجوان جب صحت مند کھیلوں کی سرگرمیوں کی طرف آتے ہیں تو معاشرے میں مثبت تبدیلی آتی ہے ،موٹرریس مقابلتاً مہنگا کھیل ضرورہے لیکن اس میں جو سنسنی ،تیزی اور جوش ہے اسی کی وجہ سے اب یہ پاکستان میں تیزی سے پھیل رہاہے ،حکومت کوچاہیے کہ اس کھیل کے کھلاڑیوں کی تربیت اندرون وبیرون ملک کرائے، موٹرریس کے عالمی سطح کے کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرکے پاکستان میں مدعو کیا،بائیکر اور سیاح اقبال گھانگلہ نے کہاکہ میڈیا کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیوں خصوصاً موٹرریس کونئی پہچان اور عوام میں بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، اس موقع پر تیسری تھل جیپ ریلی میں شرکت کرنے والی اسلام آباد کی سلمی خان نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ میں نے گوادر جیپ ریلی میں تیسری جبکہ سکردو جیپ ریلی میں خواتین ریسرز میں سے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی اور میں اب یہاں بھی جیت کایقین رکھتی ہوں،بعد ازاں گزشتہ 20سالوں میں ملک بھر میں ہونے والی موٹرریس کے مختلف مقابلوں میں شریک ہونیوالے اورجیتنے والے ’’ہیروز‘‘ میں شیلڈز اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔