شادی کے خواہشمند افراد کا ویب پورٹل

خاتون کو دھوکہ دینے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 16 نومبر 2018 17:05

بھارت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 نومبر 2018ء) : آج کل کے دور میں اچھا جیون ساتھی ملنا نہایت مشکل ہے۔ کنوارے لڑکے اور لڑکیاں اپنے اپنے ہم سفر کا انتخاب کرنے کے لیے ہاتھ پاؤں تو مارتے ہیں لیکن کچھ ہی افراد اچھا ہم سفر حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ انٹرنیٹ دنیا کی اہم ضرورت بن چکا ہے اور یہی وجہ ہے کہ انٹرنیٹ کو دنیا بھر میں موجود افراد اپنی اپنی ضرورت کے تحت استعمال کرتے ہیں۔

کنوارے لڑکے اور لڑکیوں کی سہولت کے لیے انٹرنیٹ پر کئی ایسی میٹریمونیل ویب سائٹس ہیں جو شادی کے خواہشمند افراد کے خواہش کے مطابق ہی انہیں ہم سفر تلاش کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ ان ویب سائٹس کی مدد سے انجام پائی کئی شادیاں کامیاب بھی ہوتی ہیں۔ تاہم حال ہی میں ایسی ہی ایک ویب سائٹ کے غلط استعمال کا کسی سامنے آیا جہاں میٹریمونیل ویب سائٹ پر ایک شخص نے کنواری لڑکی کو بے وقوف بنایا۔

(جاری ہے)

بھارتی شہر حیدر آباد میں ایک شخص نے کنواری لڑکی کو بے وقوف بنایا جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار شخص کی شناخت این جیون کُمار کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم ایسے ہی جعلی پروفائلز بنا کر خواتین کو اپنے جال میں پھنساتا تھا اور سب کو یہی بتاتا تھا کہ وہ بھارت کے انسٹی ٹیوٹ آف سائنس میں پروفیسر ہے۔ ملزم کو ایک خاتون کی شکایت پر گرفتار کیا گیا جبکہ پولیس نے ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور لیپ ٹاپ بھی برآمد کر لیا ہے۔

ملزم نے مذکورہ خاتون کو اپنے جال میں پھنسانے کے بعد والدہ کے علاج کے لیے ڈھائی لاکھ روپے دینے کی درخواست کی۔ خاتون سے رقم ملنے پر ملزم نے نہ صرف اس کا فون اُٹھانا چھوڑ دیا بلکہ خاتون کی پروفائل کو بھی بلاک کر دیا۔ جس کے بعد خاتون نے تنگ آ کر ملزم کے خلاف شکایت درج کروائی۔ دوران تفتیش ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس نے ایسے ہی کئی خواتین کو بے وقوف بنا کر ان سے رقم بٹوری۔ قبل ازیں ملزم نے ایک سافٹ وئیر کمپنی میں کام کرنے والی لڑکی کو اپنے جال میں پھنسا کر اس سے 10 لاکھ روپے ہتھائے تھے۔ جبکہ ایک اور کیس میں ملزم نے خاتون کو 1.8 لاکھ روپے بینک اکاؤنٹ میں جمع کروانے کا کہا جس کے بعد اس خاتون کو بھی بلاک کر دیا تھا۔