شاہراہ فیصل پر علیحدہ موٹر سائیکل ٹریک کا کام 2 سے 3 روز میں شروع ہوگا، میئر کراچی

جمعہ 16 نومبر 2018 17:46

شاہراہ فیصل پر علیحدہ موٹر سائیکل ٹریک کا کام 2 سے 3 روز میں شروع ہوگا، ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی کے موٹر سائیکل سواروں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ شاہراہ فیصل پر موٹر سائیکلوں کے لیے الگ ٹریک کا فیصلہ کیا گیا ہے، منصوبے پر 2 سے 3 روز میں کام شروع کر دیا جائے گا،دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کے ساری میں تیاریاں مکمل ہیں۔تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی کے علاقے پارکنگ پلازہ صدر کے دورے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کے قریب تجاوزات کا ملبہ اٹھا لیا گیاہے۔

جو تجاوزات اطراف میں ہیں اب ان کا خاتمہ کریں گے۔وسیم اختر نے کہا کہ کام میں وزیر بلدیات سعید غنی ہمارے ساتھ ہیں، تعاون کرنے والوں کو پارکنگ پلازہ اور دوسری مارکیٹ میں لائیں گے۔

(جاری ہے)

یہ شہر اور لوگ ہمارے ہیں ہم کسی کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کو اس کی اصل شکل میں لانا چاہتے ہیں، ہم تمام فیصلے سارے اداروں کے ساتھ مل کر کرتے ہیں۔

پارکس، فٹ پاتھ سے 3 دن بعد تجاوزات ختم کرنا شروع کریں گے۔میئر کراچی کا کہنا تھا کہ سڑکوں اور فٹ پاتھ پر ناجائز پارکنگ کے کاروبار ختم کریں گے، دکانوں کے سامنے پارکنگ کا پارکنگ پلازا میں انتظام کر رہے ہیں۔ دکانداروں کی انجمنوں سے گزارش ہے ہم سے تعاون کریں، علاقہ اچھا ہوگا تو کاروبار بھی بہتر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ٹریڈرز ایسوسی ایشن سے بھی درخواست ہے ہمارا ساتھ دیں۔

ایمپریس مارکیٹ کو غیر ملکی اور اسکول کے بچے دیکھنے آرہے ہیں۔ پارکنگ پلازہ کو صاف کر کے آباد کر رہے ہیں۔وسیم اختر نے کہا کہ شاہراہ فیصل پر موٹر سائیکلوں کے لیے الگ ٹریک کا فیصلہ کیا گیا ہے، میٹرو پول سے ملیر ہالٹ تک 2 ٹریک بنائے جائیں گے۔ ٹریکس کے لیے کنٹونمنٹ بورڈ اور ٹریفک پولیس کو آن بورڈ لیا گیا ہے۔ منصوبے پر 2 سے 3 روز میں کام شروع کر دیا جائے گا۔