Live Updates

ایل ڈی اے کو 18پٹرول پمپ سائٹس کے حقوق کرایہ داری کی نیلامی سے ایک ارب روپے آمدن ہو گی

تین سال بعد کرایہ کی رقم میں 25فیصد اضافہ ہوگا، باقی چار پٹرول پمپ سائٹس کی دو بارہ نیلامی جلد ہو گی

جمعہ 16 نومبر 2018 17:49

ایل ڈی اے کو 18پٹرول پمپ سائٹس کے حقوق کرایہ داری کی نیلامی سے ایک ارب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نیلام کی جانے والی 18 پٹرول پمپ سائٹس کا تین سال کا کرایہ ایڈوانس وصول کرے گی جس سے اسے تقریبا ایک ا رب روپے آمدنی ہوگی ۔تین سال بعد کرائے میں 25فیصد اضافہ کیا جائے گااورآئندہ سالوں کے لئے کرائے کی رقم بڑھ کر سوا ارب روپے تک پہنچ جائے گی ۔باقی چار پٹرول پمپ سائٹس کی دوبارہ نیلامی کی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

سپریم کورٹ کے حکم پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی 22 پیٹرول پمپ سائٹس کے حقوق کے کرایہ داری کی نیلامی گزشتہ رات گئے تک جاری رہی جس میں آئل کمپنیوں کے نمائندوں سمیت 54 بولی دہندگان نے زر ضمانت جمع کروا کر حصہ لیا۔ا س موقع پرشہر کے مختلف علاقوں میں واقع 18پٹرول پمپ سائٹس کے حقوق کے کرایہ داری مجموعی طور پر 33کروڑ 26 لاکھ روپے سالانہ کے حساب سے نیلام کر دئیے گئے۔

(جاری ہے)

سب سے زیادہ بولی لبرٹی مارکیٹ گلبرگ کے بالمقابل واقع دو کنال دو مرلے 180 مربع فٹ کی سائٹ کے لئے دی گئی۔ اس کے حقوق کے کرایہ داری کی بولی کی ابتدائی قیمت دو کروڑ 18 لاکھ 15 ہزار دو سو روپے سالانہ مقرر کی گئی تھی جبکہ یہ چار کروڑ 27 لاکھ 50 ہزار روپے سالانہ کرائے پر نیلام ہوئی۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان کی ہدایت پرایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیڈ کوارٹرز ایل ڈی اے رانا عبدالشکور ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ خرم یعقوب ،عثمان غنی اور محمد نعمان خان ڈائریکٹر فنانس علی شہزاد ، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اظہر علی اور ڈائریکٹر لینڈ ڈویلپمنٹ عبدالستار خان ‘معظم رشید ،اکبر نکئی اور احمد ممتاز علی خان نے نیلامی کی نگرانی کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات