نیب نے بد عنوانی کے خلاف شعو ر و آگاہی مہم تیز کر دی

انسداد ِ بد عنوانی کے موضوع پر بین الجامعات پوسٹر ، پینٹنگ اور خطاطی کے مقابلوں کا انعقاد

جمعہ 16 نومبر 2018 18:51

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) عوام میں بد عنوانی کے خلاف شعو ر و آگاہی مہم کے سلسلے میں انسدادِ بد عنوانی کے موضوع پر بلوچستان یونیورسٹی اور سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی میں بلوچستان کی تمام جامعات کے مابین پوسٹر ، پینٹنگ اور خطاطی کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ۔ پوسٹر اور پینٹنگ کے مقابلے کا انعقاد بلوچستان یونیورسٹی میں کیا گیاجس میں بلوچستان کی تمام یونیورسٹیزکے طالبہ و طالبات نے شرکت کی، مقابلے میں شریک بیوٹمز، الحمد اسلامک یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجیئرنگ خضدار اور سردار بہادر خان وویمن کے طالب علموں کے درمیان کانٹے دارمقابلہ ہوا ۔

جیوری کے مطابق الحمد اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ اقراء منصور ، نے پہلی پوزیشن ، سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کی طالبات خاتیمہ اور گل مکئی نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ء سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی میں بین الجا معات خطاطی کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ بیوٹمز، الحمد اسلامک یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجیئرنگ خضدار، تربت یونیورسٹی ، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز اور سردار بہادر خان وویمن کے طالبہ و طالبات کی ایک بڑی تعداد نے مقابلے میں شرکت کی۔

مقابلوں کے نتائج کے مطابق یونیورسٹی آف بلوچستان کے طالب علم عبدالحمد ، سردار بہادرخان وویمن یونیورسٹی کی طالبات شبینہ، اور آئینہ نے بالترتیب پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔