آزاد کشمیر بھر سے نئے انرول ہونے والی25وکلاء کو آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ کے انرولمنٹ سرٹیفکیٹس دے دیئے گئے

جمعہ 16 نومبر 2018 18:54

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہم ضیاء ، سینئر جج آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان اور جج آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ جسٹس غلام مصطفی مغل نے آزاد کشمیر بھر سے نئے انرول ہونے والی25وکلاء کو آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ کے انرولمنٹ سرٹیفکیٹس دے دیئے ۔

جمعہ کے روز آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ میں رول سائننگ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ایڈووکیٹ جنر ل آزاد جموں وکشمیرسردارکرم داد خان ، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل ، سینئر وکلاء و دیگر بھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے کہا ہے کہ نظام انصاف کی فراہمی کے لئے قانون ، اصول اور سچائی کی بنیادپر عدالت کی معاونت کرنے میںوکلاء کا کردارکلیدی ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

لاء ایک باوقار شعبہ ہے اسے پروفیشن آف لارڈز کہا جاتاہے۔انہوں نے کہاکہ قانون کے مطابق اللہ کے سامنے جوابدہی کو مد نظر رکھتے ہوئے موکل اور عدالت کی معاونت کرنا وکلاء کی ذمہ داری ہے اور اسی سے ہی وقار اور عزت ہوتی ہے ۔ وکلا نے کھڑے ہو کرجبکہ جج نے بیٹھ کر انصاف کی فراہمی کے لئے فرائض انجام دینے ہوئے ہیں ۔ کسی بھی معاشرے میں انصاف کی فراہمی میں وکیل اور جج میں کوئی فرق نہیں ۔

چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں انرول ہونے والے تمام وکلاء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ امید کرتا ہوں کہ معاشرے میں انصاف کی فراہمی کے لئے نئے انرول ہونے والے وکلاء اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ایک وکیل کے لیے آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ میںانرول ہونا سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور زندگی کا اہم مرحلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں وہی انسان کامیاب ہوتا ہے جو اپنے فرائض منصبی کے ساتھ انصاف کرے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے نمائندہ وکلاء کو آزادجموں وکشمیر سپریم کورٹ میں انرول ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اپیکس کورٹ کا وکیل ہونا فخر اور عزت کی بات ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ لائسنس جہاں سپریم کورٹ میں پیش ہونے کی اجازت دیتا ہے وہاں یہ بھی تقاضا کرتا ہے کہ وکلاء صاحبان اپنے موکل کا کیس پوری محنت کے ساتھ پیش کرتے ہوئے عدالت کی معاونت کریں ۔ انہوں نے کہاکہ انصاف کی فراہمی کیلئے وکلاء کی ہی مدد سے عدالت کسی نتیجے پر پہنچتی ہے ۔ انہوں نے نئے انرول ہونے والے وکلاء سے کہاکہ وہ قانون و انصاف کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ تقریب سے رجسٹرار آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ سردار محمدرحیم خان نے بھی خطاب کیا-