طلبہ مستقبل کے چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کرنے کیلئے خودکو تیار کریں،

علم و ہنر ہی وہ دولت ہے جو نوجوانوں کو معاشرے کا باعزت شہری اور ملک و ملت کو ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کر سکتی ہے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا یونیورسٹی آف پونچھ کے کانووکیشن سے خطاب

جمعہ 16 نومبر 2018 18:59

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے آزاد کشمیر کے طلباء و طالبات پر زور دیا ہے کہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کرنے کیلئے خودکو تیار کریں اور جدید علوم میں مہارت حاصل کرکے مقابلے اور مسابقت کی دنیا میں آگے نکلنے کی کو شش کریں ، علم و ہنر ہی وہ دولت ہے جو ہمارے نوجوانوں کو معاشرے کا باعزت شہری اور ملک و ملت کو ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کر سکتی ہے ۔

یہ بات انہوں نے یونیورسٹی آف پونچھ کے زیر اہتمام منعقدہ کانووکیشن سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ یونیورسٹی کے سبزازار میں منعقدہونے والی اس تقریب میں انڈر گریجویٹ ،ایم اے، ایم ایس سی اور ایم فل ، پی ایچ ڈی کے آٹھ سو طلبا ء و طالبات کو ڈگریاں اور میڈلز دیئے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یونیورسٹی آف پونچھ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رسول جان ،وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی باغ پروفیسر ڈاکٹر محمد حلیم خان ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد، مختلف فیکلٹیز کے ڈین حضرات، شعبہ جات کے سربراہان، ڈگریاں اور میڈل حاصل کرنے والے طلباء کے والدین سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکی بڑی تعداد موجود تھی۔

اپنے خطاب میں یونیورسٹی کے چانسلر اور صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے طلباء و طالبات ، استاتذہ اور والدین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف پونچھ نے مختصر عرصہ میں اعلی تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اہم سنگ میل عبور کر لیا جو اس علاقہ کے طلباء و طالبات اور والدین کیلئے انتہائی فخر اورا عزاز کے بات ہے ۔صدر آزادکشمیر نے کہا کہ ان کا خود اس علاقے سے تعلق ہے اور انہوں نے تعلیم بھی یہاں کے تعلیمی اداروں میں حاصل کی، آج طلباء کو تعلیم کی جو سہولتیں حاصل ہیں ان کا آج 30، 40 سال پہلے تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا ۔

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں تعلیم کی ترقی اور فروغ حکومت کی ترجیحات میں سے ایک ہے اور یہ بات نہائت خوش آئند ہے کہ اس وقت آزادجموں وکشمیر شرح خواندگی میں پاکستان کے تمام صوبوں سے آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان طلباء اور طالبات کو نہ صرف ریاست کا یہ اعزاز برقرار رکھنا ہے بلکہ تعلیمی لحاظ سے آزادکشمیر کو مزید آگے لے جانا ہے۔

انہوں نے یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے طلباء و طالبات کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے نصیحت کی کہ وہ پوری لگن اور انتھک محنت سے زندگی کے اعلی مقاصد حاصل کرنے اور والدین، اساتذہ اور ملک ملت کی توقعات پر پورا اترنے کے کوشش کریں ۔ صدر آزادکشمیر نے طلباء پر یہ بھی زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ مذہبی روایات اور سماجی اقدار پر عمل پیرا ہوں اور ایمان داری راست بازی اور اعلی کردار کو اپنی روز مرہ زندگی کا حصہ بنائئں کیونکہ کردار کے بغیر تعلیم کی کوئی اہمیت اور وقعت نہیں ہمارے نوجوان طلباء و طالبات دینا کے کسی بھی ملک میں جائیں تو اپنی قوم ، ملک والدین اور اساتذہ کے کردارکوکبھی نہ بھولیں صدر سردار مسعود خا ن نے طلبا ء کو ہدائت کی کہ وہ ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جدید ذارئع ابلاء اور سوشل میڈیا کو معاشرہ کی بہتری اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے استعمال کریں ۔

انھوں نے کہا کہ اب موبائل فون نے قلم اور کتاب کی جگہ لے لی ہے لہذا موبائل فون اور ڈیجیٹل ٹکنالوجی کو تفریح طبع کیلئے استعمال کرنے کے بجائے اعلی قومی اور علمی مقاصد کیلئے استعمال کیا جائے انہوں نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ کو تقریب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی نے مختصر عرصہ میںتعلیم کے میدان میں جس مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہ بہت حوصلہ افزا ہے انھوں نے یونیورسٹی کے طلباء و طالبات، اساتذہ اور علاقے کے عوام پر زور دیا کہ وہ راولاکوٹ اور گرد ونواح کے علاقوں کی خوبصورتی اورحسن کو برقرار رکھنے کیلئے عوام میں بڑے پیمانے پر شعور بیدار کریںتاکہ اس خطہ کو سیاحوں کیلئے پر کشش بنایا جا سکے۔

قبل ازیں صدر آزاد کشمیرنے جامعہ سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء و طالبات میں ڈگریاں اور میڈلز بھی تقسیم کئے ۔