برداشت و رواداری کو دنیا بھر میں فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے ،بلاول بھٹو زرداری

پاکستان سمیت کئی ممالک میں دائیں بازو کی سیاست نے معاشرتی ساخت کی چولیں ہلادیں ہیں،چیئرمین پیپلزپارٹی

جمعہ 16 نومبر 2018 19:28

برداشت و رواداری کو دنیا بھر میں فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے ،بلاول بھٹو ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ برداشت و رواداری کو دنیا بھر میں فروغ دینے کی ضرورت جتنی آج ہے ماضی قریب میں شاید ہی کبھی رہی ہو، کیونکہ پاکستان سمیت کئی ممالک میں دائیں بازو کی سیاست نے معاشرتی ساخت کی چولیں ہلادیں ہیں۔ برداشت و رواداری کے عالمی دن کے موقعے پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ گلوبل ولیج میں جہاں گفتگو اور تبادلہ خیال کے مواقع بڑھے ہیں، وہاں مِل جل کر رہنے کے نظریئے کے آگے مختلف چیلنجز بھی ابھر کر سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ دائیں بازو کی سیاست کی دین ہے کہ معاشرے کا ایک بڑاحصہ فکری طور چھوٹے چھوٹے ڈبوں میں بند ہوکر رہ گیا ہے، جس کے نتیجے میں دنیا سے بھوک، غربت اور جہالت کے خاتمے کے لیئے تعاون و اتحاد ناپید ہوتا جا رہا ہے اور عالمی خواہ مقامی سطح پر پرانے تنازعے شدید اور نئے اختلافات و پھوٹ سر اٹھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس پر کوئی دو رائے نہیں کہ رواداری درحقیقت دنیا میں امن کے لیئے جدوجہد ہے اور یہ اسلامی تعلیمات کا بھی اہم جز ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان کی پارٹی برداشت و رواداری کی امین ہے، جس نے ظلم و ناانصافیوں کا مسلسل نشانہ بننے کے باوجود کبھی انتقامی سیاست نہیں کی بلکہ ہمیشہ رواداری کا پرچم بلند اور مفاہمت کے دروازے کھلے رکھے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی رواداری کا ایک ایسا بحرِ بیکراں ہے جس میں ملک کی تمام مذھبی، نسلی، لسانی و علاقائی تفاوتیں شامل ہوکر مثبت تعاون و اتحاد کا سمندر بن جاتی ہیں۔