زمبابوی: مسافر بس میں گیس سلنڈر دھاکے سے 42 افراد ہلاک ، متعدد زخمی

بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی ، زخمیوں او ر لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک

جمعہ 16 نومبر 2018 20:13

ہرارے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2018ء) زمبابوے میں بس میں سوار مسافر کا گیس سیلنڈر پھٹنے سے 42 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ ہولناک حادثہ زمبابوے کے دارالخلافہ ہرارے سی550کلومیٹر کے دوری پر واقع گواندا ضلع میں پیش آیا۔زمبابوے براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کی جانب سے شائع کی گئیں تصاویر میں جنوبی افریقہ کی سرحد اور بولاوایو کے درمیان قائم ہائی وے پر تباہ شدہ بس کو دکھایا گیا۔

پولیس کی ترجمان چیریٹی کرامبا نے بتایا کہ رات گئے ہونے والے حادثے کی اطلاعات کے مطابق 42 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔چیریٹی کرامبا نے مزید بتایا کہ ’ ہمارے پولیس افسران جائے حادثہ پر موجود ہیں‘۔دوسری جانب سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بس میں سوار مسافر کا گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ لگنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کی ترجمان نے بتایا کہ ’ موجودہ اطلاعات کے مطابق 42 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ‘۔

ترجمان نے بتایاکہ ’ ہمارے پولیس افسران جائے حادثہ پر موجود ہیں‘۔سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ بس میں سوار مسافر کا گیس سیلنڈرپھٹنے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ تقریباً 20 افراد زخمی ہوئے جن میں سے بعض افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔زمبابوے ریڈ کراس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی تصاویر میں مکمل طور پر جلی ہوئی بس دکھائی گئی۔اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں زمبابوے میں دو بسوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 47 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔واضح رہے کہ زمبابوے میں ٹریفک حادثات معمول کے واقعات بن گئے ہیں۔۔