پی آئی اے نے ایک سال سے تعطل کے بعد مسقط شارجہ کیلئے پروازیں بحال کردیں

قومی ائرلائن کی مارکیٹ اور سرمایے تک رسائی کے لیے جارحانہ حکمت عملی اپنائی جائے، ائر مارشل ارشد ملک

جمعہ نومبر 21:02

پی آئی اے نے ایک سال سے تعطل کے بعد مسقط شارجہ کیلئے پروازیں بحال کردیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 نومبر2018ء) پاکستان انٹرنیشنل ائر لائن نے ایک سال کے تعطل کے بعد مسقط اور شارجہ کے لیے اپنی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔پی آئی اے کے صدر اور سی ای او ائرمارشل ارشد ملک کی جانب سے عہدہ سنبھالنے کے بعد قومی ائرلائن کی پروازوں میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ائرمارشل ارشد ملک نے ادارے کے کمرشل ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ قومی ائرلائن کی مارکیٹ اور سرمایے تک رسائی کے لیے جارحانہ حکمت عملی اپنائی جائے۔

فیصلے کے مطابق لاہور سے مسقط کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کا آغاز 17 نومبر سے ہوگا جو ہفتے میں دومرتبہ ہفتہ اور اتوار کو چلائی جائیں گی۔خیال رہے کہ ان پروازوں کے اجرا کے ساتھ ہی پی آئی اے کی مسقط کے لیے پروازوں کی مجموعی تعداد 9 ہوجائے گی جس میں پشاور، تربت اور گوادر سے بھی پروازیں شامل ہوں گی۔

(جاری ہے)

پی آئی اے نے سیالکوٹ سے شارجہ کے لیے ہفتے کی دو پروزایں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ہر منگل اور جمعے کو ہوں گی۔

سیالکوٹ سے شارجہ کے لیے پروازوں کا آغاز 20 نومبر سے ہوگا جس کے بعد شارجہ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کی تعداد 5 ہوجائے گی جن میں تربت سے 3 پروازیں بھی شامل ہیں۔پی آئی اے کے سربراہ ائرمارشل ارشد ملک نے پروازوں کو بحال کرنے کے حوالے سے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ خدمات کے معیار کو بہتر بنائیں جو ادارے کی ساکھ کی بہتری کے لیے بھی اہم ہے۔۔