پرامن اور مہذب معاشرے کے لئے برداشت کے اصول کو اپنانا ہوگا،آصف علی زرداری

جمعہ 16 نومبر 2018 22:29

پرامن اور مہذب معاشرے کے لئے برداشت کے اصول کو اپنانا ہوگا،آصف علی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے برداشت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پرامن اور مہذب معاشرے کے لئے برداشت کے اصول کو اپنانا ہوگا۔ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو نے ہمیں برداشت کا درس دیا۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے ہمیشہ صبر ، تحمل اور برداشت کی تلقین کی۔

(جاری ہے)

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہر طرح سے شدت پسندی مہذب معاشرے کے لئے خطرناک ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی ہر طرح کی شدت پسندی کے خاتمے کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے صبر، برداشت اور مفاہمت کی تاریخ رقم کی ہے۔ جمہوری اصولوں کا مقصد ہی یہی ہے کہ ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو تحمل سے سنا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے جو معاشرے میں نفرت اور عدم برداشت کا زہر گھول رہے ہیں۔