وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا طلبہ کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

جمعہ نومبر 22:29

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا طلبہ کے حقوق کے تحفظ کے عالمی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 نومبر2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے طلبہ کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ طلبہ کی تربیت اور ذہنی استعداد بڑھانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ نئے پاکستان میں طلبہ کو معیاری اور جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طلبہ کسی بھی ملک کیلئے ترقی کی منزل کے حصول میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں اور طلبہ ہی قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک کا سافٹ امیج اجاگرکرنے کا باعث بنتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستانی طلبہ اپنی ذہانت اور کارکردگی کے باعث ملک وقوم کا نام روشن کرنے کا باعث بن رہے ہیں۔ ذہین اور ہو نہار طلبہ کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں طلبہ کے حقوق کے تحفظ کے لئے اقدامات کو تیز کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے ۔ طلبہ کو معیاری اور جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ طلبہ کو مستقبل سنوارنے کیلئے بہترین تعلیمی سہولیات مہیا کرنا ترجیحات میں اولین ہے۔