Live Updates

کراچی کی ملکیت کا دعویٰ کرنے والی جماعتوں نے اس کی شناخت پر چن چن کر زخم لگائے ہیں،اشرف قریشی

کراچی نے منفی سیاست کی حامل جماعتوں کو مسترد کرکے یہ پیغام دیا کہ وہ اب مزید کسی طالع آزمائی کا حصہ نہیں بنے گا

جمعہ 16 نومبر 2018 22:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری اشرف قریشی نے کہا ہے کہ کراچی کی ملکیت کا دعویٰ کرنے والی جماعتوں نے اس کی شناخت پر چن چن کر اتنے زخم لگائے ہیں کہ آج معاشی، سماجی اور تہذیبی اعتبار سے یہ شہر ناقابل شناخت ہوچکا ہے۔ 2018ء کے الیکشن میں کراچی نے منفی سیاست کی حامل جماعتوں کو مسترد کرکے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ وہ اب مزید کسی طالع آزمائی کا حصہ بننے کے لیے تیار نہیں۔

تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ دینا اس بات کا بین ثبوت ہے کہ اب کسی بھی سیاسی بت کی پوجا نہیں ہوگی۔ تحریک انصاف پر بھی اب یہ اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کسی سطح پر اہلیان کراچی کو مایوس نہیں کرے گی۔ کراچی کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کو دیا جانے والا خصوصی پیکیج یہ باور کراتا ہے کہ ہمارے لیے کراچی کی اصلی شناخت بحال کرنا کتنی اہمیت کا حامل ہے۔

میں تمام زونل ہیڈز اور ان کی ٹیموں کو یہ ہدایت کرتا ہوں کہ وہ جلد از جلد اپنی یوسیز کے تنظیمی ڈھانچوں کو مکمل کریں اور مختلف شعبوں کے حوالے سے کمیٹیاں بنا کر اپنے اوپر کیے جانے والے اعتماد کا اس انداز سے اظہار کریں کہ کراچی والوں کو اپنے فیصلے پر شرمندی اور افسوس کا اظہار نہ کرنا پڑے اور آنے والے بلدیاتی انتخابات میں اہلیان کراچی 2018ء سے بھی بڑھ کر تحریک انصاف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کریں۔

آنے والا کراچی کا میئر پی ٹی آئی کا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی رہنما اشرف قریشی نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس ‘‘ میں کراچی کے مختلف اضلاع اور حلقوں سے آنے والے وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقعے پر ان کے ہمراہ دیگر پارٹی رہنما اور عہدیداران بھی موجود تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات