محکمہ وائلڈ لائف میں تمام تقرریاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ہوں گی،خان ملوک خان

جمعہ نومبر 22:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 نومبر2018ء)ڈی ایف او وائلڈ لائف خان ملوک خان نے کہا ہے کہ محکمہ وائلڈ لائف میں تمام تقرریاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ہوں گی اور حکومت خیبر پختونخوا کی طرف سے وضح کردہ قوانین اور میرٹ پر سختی سے عمل کیا جائیگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج بعض مقامی اخبارات میں شائع ہونیوالی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کیا۔

ڈی ایف او وائلڈ لائف کے مطابق محکمہ وائلڈلائف، ڈی آئی خان میں حال ہی میں 9 آسامیاں وائلڈ لائف واچرز اورایک ویٹرنری اسسٹنٹ کی پوسٹ مشتہرکی گئی ہے جس کے لیے ڈیرہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی طرف سے درخواستیں دینے کاسلسلہ جاری ہے جس کے لیے آخری تاریخ 17نومبر مقرر کی گئی ہے لیکن انتہائی افسوس کے ساتھ کہناپڑتاہے کہ بعض مقامی اخبارات ان آسامیوں پربھرتی کے سلسلے میں گمراہ کن اوربے بنیاد خبریں شائع کر رہے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

مقررہ تاریخ کے بعد حکومت کی طرف سے وضع کردہ قوانین کے مطابق تمام امیدواروں کا جسمانی ٹیسٹ بھی لیاجائے گا جس میں پاس امیدواروں کی میرٹ لسٹ تیارکی جائے گی اورصرف شارٹ لسٹ امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایاجائے گا اور ہرمرحلے پر میرٹ اورشفافیت کو برقراررکھاجائے گا۔ انہوں نے اخبارات سے اپیل کی کہ قبل ازوقت مفروضوں کی بنیاد پر لوگوں میں محکمے سے متعلق شکوک وشہبات پیداکرنے، محکمے کے افسران کو بدنام کرنے اوربے بنیاد خبریں شائع کرنے سے احترازکیا جائے۔ بصورت دیگر متعلقہ اخبارات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔