مضر صحت کھانے پینے کی اشیا کے خلاف کارروائی کے لئے کمیٹیاں قائم

جمعہ 16 نومبر 2018 22:51

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں مضر صحت کھانے پینے کی اشیا کی فروخت کی روک تھام کے لے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی امجد لغاری، اتھارٹی کے دیگر افسران، تمام ڈپٹی کمشنرز اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور بلدیہ عظمی کراچی کے کوالٹی کنٹرول شعبہ کے افسران و دیگر نے شر کت کی۔

کمشنر نے کہا کہ دو بچوں کی اموات کے افسوس ناک واقعہ کے بعد کراچی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہر میں مضر صحت کھانے پینے کی اشیاء کی روک تھام کے لئے اقدامات کرے اور یقینی بنائے کہ شہرمیں لوگوں کو صحت مند اشیاء دستیاب ہوں اور انہیں کھانے کی وجہ سے صحت کے خطرات لا حق نہ ہوں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں فوڈ سے متعلق اداروں اور ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کا ڈیٹا بیس بنایا جائے گا اور ضلعی انتظامیہ اور فوڈ اتھارٹی کے افسران مل کر انسپیشکن اور کارروائی کے لئے کوششیں کریں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ریسٹورنٹس ایسو سی ایشن کے ارکان سے ان کا رابطہ ہے کوشش کی جا رہی ہے کہ تمام ریسٹورنٹس رجسٹرڈ ہوں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہر میں مضر صحت کھانے پینے کی اشیا کے خلاف شکایات کا ازالہ کر نے کے لئے مربوط کوششیں کریں اور یقینی بنائیں کہ لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاء میں صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کی شکایت نہ ہو۔

اجلاس نے فیصلہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور فوڈ اتھارٹی کے درمیان رابطہ و تعاون کو مضبو ط بنایا جائے گا۔ انسداد مضر صحت فوڈ کمیٹیاں قائم کی جائیں گی ضلعی کمیٹیوں کی سربراہی ڈپٹی کمشنرز کریں گے مربو ط کارروائی کے لئے اقدامات کریں گے، ریسٹورنٹس اور فوڈ آئوٹ لیٹس پر صفائی کے ناقص انتظامات اور صحت کے لئے نقصان دہ اور غیر معیاری کھانوں کی فراہمی پر ان کے خلاف کارروائی کے لئے اقدامات تجویز کریں گی۔ اجلاس نے فوڈ کی انسپیکشن اور لوگوں کو صحت مند فوڈ فراہم کر نے کے سلسلہ میں دیگر اقدامات پر بھی غور کیا۔

متعلقہ عنوان :