Live Updates

عمران خان وزیراعظم تو بن گئے مگر انہیں لیڈر اور گیدڑ کا فرق معلوم نہیں ہو سکا‘چودھری منظور

لیڈر وہ ہوتا ہے جو سوچ سمجھ کر بولتا ہے اوراپنی زبان پر قائم رہتا ہے،جو بار بار اپنی بات سے مکر جائے وہ گیدڑ ہوتا ہے‘ردعمل

جمعہ 16 نومبر 2018 23:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) پیپلزپارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنر ل چودھری منظور نے کہاکہ عمران خان وزیراعظم تو بن گئے مگر انہیں لیڈر اور گیدڑ کا فرق معلوم نہیں ہو سکا،لیڈر وہ ہوتا ہے جو سوچ سمجھ کر بولتا اور پھر خطرات کی پرواہ کئے بغیر اپنی زبان پر قائم رہتا ہے،جو بار بار اپنی بات سے مکر جائے اور یوٹرن لے وہ گیدڑ ہوتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے بیان پر اپنے رد عمل میں انہوںنے کہاکہ قائد اعظم نے کہا تھا فیصلہ کرنے سے قبل سو بار سوچو اور پھر ہر صورت میں اس پر قائم رہو۔شہید ذوالفقار علی بھٹو اپنی زبان پر قائم رہے اور ملک و قوم کی خاطر جان دے دی۔تاریخ نے ہمیشہ بہادر لیڈروں کو یاد رکھا، جنہوں نے حالات کا بہادری سے مقابلہ کیا۔تاریخ نے ان گیدڑوں کو کبھی یاد نہیں رکھا جو خطرا دیکھتے ہی یوٹرن لے کر سر پر پائوں رکھ بھاگ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عمران خان کو تو پتا ہی نہیں کہ ہٹلر اور نیپولین نے جنگوں میں کیا کیا غلطیاں کی تھیں۔عمران نیازی نہ فیصلہ کرنے سے قبل سوچتا ہے اور نہ بات کرنے سے قبل مطالعہ کرتا ہے۔بہتر ہے کہ تاریخی حوالے دینے سے قبل نیازی صاحب تھوڑی سی تاریخ بھی پڑھ لیںلگتا ہے یوٹرن خان کو یقین ہو چلا ہے کہ یہ اب زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔اس لئے وزیراعظم اب فرار کے راستے اختیار کر رہا ہے اور یوٹرن کے حق میں دلائل دے رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات