ْنیب کی ڈاکٹر مجاہدکامران کی طرف سے نیب پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کی سختی سے تردید

جمعہ 16 نومبر 2018 23:23

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) قومی احتساب بیورو نے ڈاکٹر مجاہدکامران کی طرف سے ایک نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں نیب پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف مقدمہ عدالت میں ہے، وہ اس مقدمہ میں ضمانت پر ہیں، اس لئے نیب مقدمہ کے میرٹ پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں سمجھتا ، نیب نے ڈاکٹر کامران مجاہد کی طرف سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر مجاہد کامران کو نیب نے 11 اکتوبر 2018ء کو گرفتار کیا جبکہ فواد حسن فواد یکم اکتوبر 2018ء اور حاجی ندیم 18جون 2018ء کو عدالتی تحویل میں جیل جا چکے تھے۔

اس لئے ڈاکٹر مجاہدکامران کی فواد حسن فواد اور حاجی ندیم سے ملاقات کی بات اور ان سے ملاقات کے تناظر میں لگائے گئے الزامات گمراہ کن ہیں۔

(جاری ہے)

نیب کے واش رومز میں کیمرے لگانا کا الزام بھی بالکل بے بنیاد اور من گھڑت ہے۔ نیب لاہور ڈاکٹر مجاہد کامران سے ریمانڈ کے دوران ان کی اہلیہ کی روزانہ ملاقات کی اجازت دیتا تھا، اگر کوئی شکایت تھی تو اس وقت کیوں سامنے نہیں لائی گی۔

ڈاکٹر مجاہد کامران کی درخواست کہ ان کی کمر میں درد کی تکلیف رہتی ہے اس لئے ان کو میٹرس پر سونے کی اجازت دی گئی، اس کے علاوہ نیب کے ساتھ منسلک ڈاکٹر ان کا روزانہ میڈیکل چیک اپ کرتے تھے۔ چیئرمین نیب نے نیب لاہور کے دورہ کے دوران نہ صرف خود ڈاکٹر مجاہد کامران سے ملاقات کی تھی بلکہ ان کی اہلیہ کی موجودگی میں پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی جس پر انہوں نے ڈاکٹر مجاہد کامران کی مناسب دیکھ بھال پر چیئرمین نیب کا شکریہ ادا کیا جو ریکارڈ کا حصہ ہے۔

نیب اساتذہ کا انتہائی احترام کرتا ہے جو پاکستان کے مستقبل کے معمار ہیں لیکن بدعنوانی کا مرتکب کوئی بھی شخص کسی بھی شعبہ سے تعلق رکھتا ہو، نیب اس کو ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ جہاں تک ڈاکٹر مجاہد کامران کے مقدمہ کا تعلق ہے، ان کا مقدمہ معزز عدالت میں زیر سماعت ہے اس لئے ان کو میڈیا کے ذریعے نیب پر بے بنیاد الزامات لگانے کی بجائے اپنی تمام تر توانائیاں معزز عدالت میں زیر سماعت اپنے مقدمہ کا دفاع کرنے پر لگانی چاہئیں تاکہ انصاف کے تقاضے پورے کئے جا سکیں۔